البدر کے دو مشتبہ ارکان کیخلاف عدالتی کارروائی جاری

نئی دہلی 24 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ممنوعہ دہشت گرد تنظیم البدر کے دو مشتبہ ارکان کے خلاف عدالتی کارروائی جاری رہے گی۔ اُن کے پاس سے 2006 ء میں ہتھیاروں اور دھماکو مادوں کا زبردست ذخیرہ ضبط کیا گیا تھا۔ دہلی کی ایک عدالت نے کہاکہ اختتامی رپورٹ جو سی بی آئی نے داخل کی ہے، زیرالتواء رکھتے ہوئے سپریم کورٹ کی جانب سے دیئے ہوئے تین متبادل طریقوں میں سے کوئی ایک طریقہ اختیار کرتے ہوئے اِس مقدمہ کی یکسوئی کرے گی۔ سپریم کورٹ نے تحت کی عدالت کو ہدایت دی ہے کہ یا تو ملزموں کی بری کردینے کی درخواست قبول کی جائے یا ہدایت دی جائے کہ مقدمہ کی کارروائی ازروئے قانون یا مزید تحقیقات تک جاری رکھی جائے گی۔ اگر عدالت تحقیقات کے کسی بھی اہم پہلو سے مطمئن نہ ہو۔ دہلی پولیس کے خصوصی شعبہ نے البدر کے مشتبہ ارکان معارف قمر اور ارشاد علی متوطن کشمیر کے خلاف فرد جرم پیش کردی ہے اُنھیں شمالی دہلی کی جی ٹی کرنال روڈ سے فبروری 2006 ء میں مقبرہ چوک کے مقام پر گرفتار کیا گیا تھا۔ لیکن دعویٰ کیا تھا کہ اُنھیں جموں و کشمیر سے آنے والی ایک بس سے دو پستولوں کے ساتھ گرفتار کیا گیا ہے۔