الاگیری کے ساتھی کے فارم ہاؤس پر پولیس کا دھاوا

مدورائی۔/31جنوری، ( سیاست ڈاٹ کام ) ڈی ایم کے کے معطل قائد ایم کے الاگیری کے ایک قریبی رفیق کے فارم ہاؤس پر پولیس نے دھاوا کیا جو اوائی پورم میں واقع ہے۔ ایس آر گوپی کے فارم ہاؤس پر دھاوے کے بعد پولیس کو ایک ایرگن اور ایک تلوار دستیاب ہوئی۔ پولیس نے بتایا کہ دھاوے کے وقت جب پولیس پارٹی کو فارم ہاؤس کی جانب آتے ہوئے وہاں موجود لوگوں نے دیکھا تو وہ عجلت میں فارم ہاؤس کو مقفل کرکے وہاں سے چلتے بنے۔ الاگیری کی سالگرہ کا جشن شہر میں زور و شور سے منایا گیا تھا۔گوپی قبل ازیں سابق وزیر ٹی کیروٹینن قتل کیس میں بری ہوئے ہیں۔

چارہ اسکام میں لالو کو بیان ریکارڈ کروانے کی ہدایت
رانچی۔/31جنوری، ( سیاست ڈاٹ نیوز) سی بی آئی کی ایک خصوصی عدالت نے آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد چارہ اسکام معاملہ میں 6فبروری کو اپنا بیان ریکارڈ کروانے کی ہدایت کی ہے۔ یاد رہے کہ لالو پرساد چارہ اسکام معاملہ میں سزا یافتہ اور دیگر چار معاملات میں الزامات کا سامنا کررہے ہیں۔ جسٹس سیتا رام پرساد کی عدالت نے لالو کو جو فی الحال صمانت پر رہا ہیں، کو ہدایت دی ہے کہ وہ 6فبروری کو عدالت میں حاضر ہوتے ہوئے اپنا بیان ریکارڈ کروائیں جو 1990ء کی دہائی میں ان کی وزارت اعلیٰ کے دور میں ڈبرو گڑھ ٹریژری سے دھوکہ دہی کے ذریعہ 84.53 لاکھ روپئے نکالے جانے سے متعلق ہے۔ سی بی آئی کی خصوصی عدالت نے چارہ اسکام کے 53 کے منجملہ 46 معاملات کی یکسوئی کرلی ہے۔