مدورائی 28 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ڈی ایم کے سے معطل کئے گئے قائد ایم کے الاگیری نے آج مرکزی وزیر مالیات پی چدمبرم سے طیرانگاہ پر ملاقات کی لیکن اُن کے درمیان کیا بات چیت ہوئی یہ بتانے سے انکار کردیا۔ اخباری نمائندوں کو تفصیلات بتائے بغیر اُنھوں نے کہاکہ ہم حکومت میں گزشتہ 9 سال سے ہیں اور ہم نے مشترکہ دلچسپی کے مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کیا۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بھی ضروری ہے کہ جب سے الاگیری کو پارٹی سے معطل کیا گیا وہ اُن پارٹی قائدین سے ملاقات کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں
جن کا تعلق این ڈی اے اور کانگریس سے ہے۔ الاگیری یہاں چینائی سے واپسی کے دوران پہونچے جبکہ چدمبرم اپنے بیٹے کارتی کی انتخابی مہم کے لئے شیوا گنگا جانے کے لئے راستے میں مدورائی میں توقف کیا۔ الاگیری نے چینائی میں کل اپنی نصف ہمشیرہ اور راجیہ سبھا ایم پی کنی موزھی سے بھی ملاقات کی تھی جن سے اُن شکوک و شبہات کو بھی تقویت ملتی ہے کہ دونوں بہن بھائی اس بات پر ناراض ہیں کہ اُن کے حامیوں کو ڈی ایم کے نظرانداز کررہی ہے جبکہ اسٹالن کے حامیوں کو انتخابی ٹکٹس بھی دیئے جارہے ہیں۔ ڈی ایم کے نے منگل کے روز پارٹی سربراہ ایم کروناندھی کے بیٹے الاگیری کو اُس وقت پارٹی سے خارج کردیا تھا جب اُنھوں نے پارٹی ڈسپلن پر عمل آوری کرنے سے انکار کردیا تھا۔