اینکوریج (یوریس) 25؍ جنوری (سیاست ڈاٹ کام)الاسکا میں 7.1 شدت کے زلزلہ نے عوام کو خوفزدہ کر دیا جہاں عمارتیں لرزنے لگیں اور مکانات میں واقع ساز و سامان ادھر ادھر بکھر گئے ۔ حالانکہ اس علاقہ میں اکثرو بیشتر زلزلے رونما ہوتے رہتے ہیں لیکن اس کے باوجود بھی عوام کا خوفزدہ ہونا ایک فطری بات ہے ۔ تاہم کسی کے زخمی یا ہلاک ہونے کی اطلاع نہیں ہے ۔ الاسکا کے ماہر زلزلیات مائیکل ویسٹ نے بتایا کہ گذشتہ دو دہائی میں االاسکا میں آنے والا یہ انتہائی شدت کا زلزلہ تھا ۔ الاسکا میں جب بھی زلزلے رونما ہوتے ہیں ان کی شدت بہت زیادہ ہوتی ہے ۔ جیسے کہ گذشتہ سال جنریرہ ایلیویشن میں آئے زلزلہ کی شدت 7.9 تھی ۔ مسٹر مائیکل نے مزید بتایا کہ گذشتہ شب آئے زلزلہ نے اب کی بار آبادی والے علاقوں کو اپنا نشانہ بنایاتاہم انسانی جانوں کے اتلاف کی خبر نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اتنی زیادہ شدت والے زلزلہ کے بعد اس کے چھوٹے چھوٹے جھٹکے مزید کئی ہفتوں تک جاری رہیں گے ۔ آخری اطلاعات ملنے تک چار مکانات کو جزوی نقصان پہنچا ہے ۔