الاسکا ، واشنگٹن اور ہوائی میں سینڈرس کی ہلاری پر کامیابی

واشنگٹن 27 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ہلاری کلنٹن کے لئے خطرہ کی گھنٹیاں بجنے لگی ہیں کیوں کہ ڈیموکریٹک پارٹی کی صدارتی امیدوار کی دوڑ میں برنی سینڈرس نے ہلاری کلنٹن کو واشنگٹن، الاسکا اور ہوائی میں شکست دے دی ہے۔ اِس طرح امریکہ کے صدر کے امیدوار کی حیثیت سے اُن کی نامزدگی کے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔ 74 سالہ سینڈرس کو الاسکا میں اب تک جتنے ووٹوں کی گنتی ہوچکی ہے اُن میں سے 72 فیصد ووٹ حاصل ہوئے ہیں۔ الاسکا میں 80 فیصد ووٹ اور ہوائی میں اُنھیں ہلاری کلنٹن پر زبردست سبقت حاصل ہوگئی ہے۔ 68 سالہ ہلاری کلنٹن اب بھی مندوبین کے شمار میں سب سے آگے ہیں اور ایسا معلوم ہوتا ہے کہ وائیٹ ہاؤز تک پہونچنے کی اُن کی راہ سینڈرس کی بہ نسبت زیادہ آسان ہے لیکن اہم ریاست واشنگٹن میں اُن کی ناکامی کو ایک بڑا دھکہ تصور کیا جارہا ہے۔ ہلاری کلنٹن سابق صدر بل کلنٹن اور اُن کی دختر چیلسی کلنٹن نے آج واشنگٹن میں خاموشی سے اپنا وقت گزارا۔ برنی سینڈرس نے کہاکہ اُنھیں یقین تھا کہ حالات بہتر ہوجائیں گے۔ آپ کی مدد کے ذریعہ میں نے وسکانسن میں بھی کامیابی حاصل کرلی ہے اور اُمید کرتے ہیں کہ صدارتی انتخابات میں بھی کامیاب ہوں گے۔