نیویارک۔21جون ( سیاست ڈاٹ کام ) اقوام متحدہ کے معتمد عمومی بانکی مون نے پہلے بین الاقوامی یوم یوگا کے موقع پر وزیر خارجہ سشما سوراج کے ساتھ ملاقات کے دوران انتہائی جوش و جذبہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن عوام کے جوش و جذبہ کو دنیا بھر میں متوجہ کرنے میں ایسی مثال قائم کرچکا ہے جس کی ماضی میں کوئی نظیر نہیں ملتی ۔ بانکی مون نے سوراج سے کل شام میان ہٹن میں ملاقات کی تھی جہاں وہ مقیم ہیں ۔ ان کا پُرجوش استقبال کیا گیا ۔ مصافحہ کے دوران سشما سوراج نے کہا کہ نمستے ‘ کیا حال چال ہیں ۔ بانکی مون کے ساتھ اقوام متحدہ کے اہم عہدیدار بھی تھے ۔انہوں نے سشما سوراج کو پہلے بین الاقوامی یوم یوگا کی مبارکباد دی ۔ ملبورن سے موصولہ اطلاع کے بموجب ایک ہزار سے زیادہ افراد بشمول آسٹریلیائی شہریوں نے کئی مقامات پر بین الاقوامی یوم یوگا تقاریب میں حصہ لیا ۔ ملبورن میں 500سے زیادہ افراد اسپرنگر لیجر سنٹر میں جمع ہوگئے تھے تاکہ سوریا نمسکار کے ساتھ عالمی یوم یوگا کا آغاز کرسکیں ۔ ریاست وکٹوریہ کے کئی ارکان پارلیمنٹ نے مخاطب کیا ۔ یوگا کے بارے میں ایک دستاویزی فلم اور اس کے بعد وزیراعظم نریندر مودی کا ویڈیو پیغام دکھایا گیا ۔ سنگاپور سے موصولہ اطلاع کے بموجب یوگا کے چار ہزار سے زیادہ پُرجوش حامیوں نے دو گھنٹہ طویل یوگا پروگرام میں پورے سنگاپور کے پچاس مراکز پر شرکت کی ۔ یہ پروگرام عالمی یوم یوگا کے موقع پر منعقد کیا گیا تھا ۔ تقریب کی قیادت ہائی کمشنر وجئے ٹھاکر سنگھ اور سنگاپور کے وزیر برائے دفتر وزیراعظم گریس فو نے کی ۔
بنکاک سے موصولہ اطلاع کے بموجب ایک کھلے میدان میں تھائی لینڈ کی مقامی یونیورسٹی میں آج علی الصبح ہزاروں تھائی شہریوں ‘ ہندوستانی نژاد افراد اور دیگر تارکین وطن نے عالمی یوم یوگا تقاریب میں حصہ لیا ۔ یہ تقریب پورے آسیان ممالک میں بشمول ملیشیاء ‘ ویٹنام ‘ فلپائن اور سنگاپور میں پورے جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا ۔ 2000 سے زیادہ افراد میدان میں موجود تھے ۔ مقامی وقت کے مطابق 6:30بجے صبح باوقار چملالونگ کارن یونیورسٹی کے احاطہ میں تقریب کا آغاز کیا گیا جس کا اہتمام ہندوستانی سفارتخانہ کی جانب سے کیا گیا تھا ۔ واشنگٹن سے موصولہ اطلاع کے بموجب دو کروڑ امریکی شہریوں نے آج قدیم ہندوستانی ورزش یوگا کا مظاہرہ کیا ۔ اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ دنیا بھر میں یوگا کی صنعت 27ارب امریکی ڈالر مالیتی ہوچکی ہے ۔ مبینہ طور پر امریکہ میں 2کروڑ 40لاکھ شہری یوگا کرتے ہیں اور ان میں مسلسل اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔