پیانگ یانگ۔6 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ کے ایک سینئر عہدیدار نے شمالی کوریا کے نائب وزیر خارجہ سے آج ملاقات کی۔ چار روزہ دورہ پر آنے والے عہدیدار نے اپنا پہلا دن اسی ملاقات کے دوران گزارا۔ البتہ یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ سینئر عہدیدار جیفری فیلٹ نے نائب وزیر خارجہ پاک مہیونگ ہوک سے کس موضوع پر بات چیت کی۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ فیلٹ مین ایک امریکی شہری اور اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے سابق عہدیدار ہیں۔ موصوف کل ہی پیانگ یانگ پہنچے۔ دریں اثناء اقوام متحدہ کے ایک ترجمان نے بتایا کہ مسٹر فیلٹ مین پیانگ یانگ میں اپنے قیام کے دوران مختلف موضوعات پر بات چیت کریں گے تاہم ترجمان نے اس کی تفصیلات نہیں بتائی۔ کہا جارہا ہے کہ 2010ء کے بعد سے اب تک فیلٹ مین اس نوعیت کے عہدہ پر فائز رہنے والے پہلے شخص ہیں جو پیانگ یانگ کے دورہ پر ہیں۔ توقع کی جارہی ہے کہ فیلٹ مین وزیر خارجہ ری یانگ ہو کے علاوہ پیانگ یانگ میں موجود اقوام متحدہ کے دیگر اسٹاف سے بھی ملاقات کریں گے۔ حالانکہ فیلٹ مین امریکہ کی نمائندگی نہیں کرتے تاہم یہ توقع کی جارہی ہے کہ ان کے اور دیگر سفارتی عہدیداروں کے دورہ سے شمالی کوریا اور امریکہ کے درمیان پائی جانے والی کشیدگی میں قابل لحاظ کمی ہوسکتی ہے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ دلچسپ ہوگا کہ شمالی کوریائی افسران بیرونی سفارت کاروں کے ساتھ ہوئی بات چیت کی تفصیلات میڈیا کو شاذ و نادر ہی بتاتے ہیں۔ اقوام متحدہ کے ترجمان اسٹیفین ڈوجارک نے کہا کہ فیلٹ مین کے دورہ کے اختتام تک ہمیں ایسی کوئی امید نہیں کہ میڈیا کو اس کی تفصیلات فراہم کی جائیں گی۔