اقوام متحدہ ۔ 5 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ کے سیاسی شعبہ کے سربراہ جیفری فیلٹ مین کویت پہنچ گئے تاکہ قطر اور اس کے خلیجی پڑوسی ممالک کے درمیان سفارتی بحران کی یکسوئی پر غور کرسکیں۔ اقوام متحدہ کے سینئر سفیر نے اپنی کوششوں میں شدت پیدا کردی ہے جبکہ عرب ممالک نے عہد کیا ہیکہ وہ قطر کا بائیکاٹ جاری رکھیں گے کیونکہ قطر نے بحران دور کرنے کیلئے خلیجی ممالک کے مطالبات پر منفی ردعمل ظاہر کیا ہے۔ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، مصر اور بحرین کا ایک اجلاس ایک ماہ بعد قاہرہ میں منعقد کیا گیا تھا جنہوں نے قطر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے اس پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ انتہاء پسندی کی حوصلہ افزائی کررہا ہے۔ فیلٹ مین اقوام متحدہ کے نائب معتمد جنرل برائے سیاسی امور ہیں۔