اقوام متحدہ کے اعلیٰ سطحی عہدیدار کا دورۂ شمالی کوریا

اقوام متحدہ ،5دسمبر (سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ کے سیاسی امور کے سربراہ جیفری فیلٹ مین آئندہ ہفتہ 12 سے 15 دسمبر تک شمالی کوریا کا اعلی سطحی دورہ کریں گے ۔اقوام متحدہ کے مطابق مسٹر فیلٹ مین اپنے چار روزہ دورہ کے دوران شمالی کوریا کے حکام سے ملاقات کرکے باہمی مفادات کے موضوعات پر گفتگو کرینگے ۔اقوام متحدہ کے ترجمان اسٹیفن دوجارک نے صحافیوں کو کہاکہ دورہ کے دوران مسٹر فیلٹ مین شمالی کوریا کے وزیر خارجہ ‘ری یونگ ہواور نائب وزیرپیک میونگ گک سے ملاقات کریں گے ۔ مسٹر فیلٹ مین کا یہ دورہ شمالی کوریا انتظامیہ کے پالیسی ساز مذاکرات کیلئے طویل وقت کی دعوت کے بعد کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ وہ شمالی کوریا میں اقوام متحدہ کے عملہ کے ارکان اور سفارتی کوپس کے ارکان سے ملاقات کرینگے ۔وہ شمالی کوریا میں اقوام متحدہ کے پروجیکٹوں کے مقام کا بھی دورہ کرینگے ۔اسکے علاوہ وہ چین بھی جائینگے۔ مسٹر فیلٹ مین اکتوبر 2011کے بعد سے شمالی کوریا کے دورہ پر جانے والے اقوام متحدہ کے پہلے سینئر افسر ہیں۔ قبل ازیں صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ اور صدر شمالی کوریا کم جونگ ان کے درمیان گرماگرم زبانی تکرار ہوچکی ہے۔ دونوں کے ایک دوسرے کے خلاف بیانات اخلاقی حدود سے بھی باہر چلے گئے تھے۔