اقوام متحدہ کی پاکستان کے عوام اور الیکشن کمیشن کو مبارکباد

اقوام متحدہ۔28 جولائی ۔(سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ نے پاکستان کے عوام اور الیکشن کمیشن کو جمہوری عمل کی کارروائی کی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ الیکشن کمیشن کو تعاون جاری رکھنے کے تئیں پرعزم ہے ۔ اقوام متحدہ کا یہ بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب اپوزیشن پارٹیوں نے پاکستان میں25 جولائی کو ہوئے عام انتخابات میں دھاندلی کا الزام لگایا ہے اور دوبارہ انتخابات کا مطالبہ کیا ہے ۔ کرکٹر سے لیڈر بنے عمران خان کی پارٹی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو ملی سب سے زیادہ نشستوں پر سابق وزیر اعظم نوازشریف کی پاکستان مسلم لیگ(این) اور بلاول بھٹو کی قیادت والی پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) سمیت تقریباً 12 اپوزیشن پارٹیوں نے شک کا اظہار کرتے ہوئے دوبارہ انتخابات کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔ اقوام متحدہ کے ترجمان اسٹیفنی ڈوزارک نے سکریٹری جنرل انتونیو گوٹریس کی جانب سے جمعہ کو جاری بیان میں کہا کہ خواتین، جسمانی طور پر غیر فعال اور حاشیہ پر پہنچ چکے لوگوں کو الیکشن میں شرکت یقینی بنانے کے لئے الیکشن کمیشن نے جو قدم اٹھایا وہ قابل تعریف ہے ۔