اقوام متحدہ۔ 24 فروری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں جاریہ سال اصلاحات کیلئے فوری کارروائی کرنے کا مطالبہ پیش کیا ہے ،اس کی دلیل ہے کہ اقوام متحدہ کا انتہائی طاقتور ادارہ خود غیرجمہوری ہے اور صرف چند ممالک کو سہولتیں فراہم کرتا ہے جو جنگ کے دور کے اتحادی تھے، لیکن یہ اتحاد اب برقرار نہیں ہے۔ ہندوستانی سفیر برائے اقوام متحدہ اشوک کمار مکرجی نے کہا کہ یہ عجیب اتفاق ہے کہ جو جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کی دعوت دیتے ہیں ، خود ان کا طاقتور ترین ادارہ غیرجمہوری بنیادوں پر قائم ہے جس میں مراعات صرف چند ممالک کو حاصل ہیں جو جنگ کے دور کے اتحاد تھے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کی منطق اور بے چینی جو دنیا بھر میں عالم انسانیت کو لاحق ہے، سلامتی کونسل میں فوری اصلاحات کا تقاضہ کرتی ہے ۔ ہمیں اگر تاریخ سے درست سبق حاصل ہوا ہے تو ہمیں اس ادارہ میں جاریہ سال ہی اصلاح کرنی چاہئے۔