اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اصلاحات پر تبادلہ خیال

نیو یارک 26 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیر خارجہ ہند سشما سوراج نے آج اقوام متحدہ سلامتی کونسل میں عاجلانہ اصلاحات کا مسئلہ اٹھایا جبکہ وہ چین ،ابسا اور جی 4 بلاکس کے وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں کررہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ 2015 تک اصلاحات کے عمل کی تکمیل کیلئے مرتکز کوششیں کی جانی چاہئے جبکہ اقوام متحدہ کی تاسیس کی 70 ویں سالگرہ تقاریب مقرر ہیں۔ سشما نے اپنے دورہ کے دوسرے دن نیو یارک میں مسلسل ملاقاتیں کیں۔ وزیر خارجہ چین وانگ ای، وزیر خارجہ برازیل لوئی البرٹو فقیریڈو اچانڈو اور بنگلہ دیش وزیر خارجہ ابوالحسن محمود علی سے علحدہ ملاقاتیں کیں۔ انہوں نے وزرائے خارجہ برازیل، جرمنی و جاپان کے ساتھ جن کا تعلق جی 4 بلاک سے ہے کثیر جہتی اجلاسوں میں ملاقات کیں۔ دولت مشترکہ کے وزرائے خارجہ ،سارک ،ابسا ‘ بریکس اور لاطینی امریکہ کے ممالک کے قائدین سے ملاقاتیں کیں۔

سشما نے کہا کہ جنوبی افریقہ کے وزیر خارجہ نیٹ ایملی نکوبانا نشابانے نے انہیں تیقن دیا کہ افریقہ جی 4 کے ساتھ ہندوستان کے 15 رکنی سلامتی کونسل کی مستقل نشست کیلئے تائید کرے گا۔ سشما نے کہا کہ جب تک ہمیں براہ اعظم افریقہ کی تائید حاصل نہ ہوجائے اصلاح کی کارروائی میں پیشرفت نہیں ہوسکتی ۔ سشما سوراج نے کہا کہ تمام ملاقاتوں میں باہمی مسائل پر تبادلہ خیال کے علاوہ انہوں نے عالمی ادارہ میں 2015 تک اصلاحات کی تکمیل کیلئے زور دیا ہے ۔ جبکہ اقوام متحدہ کی 70 ویں یوم تاسیس تقاریب منائی جائیں گی ۔