اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اصلاحات پر تبادلہ خیال

نیو یارک 26 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام)ہندوستان کی وزیر خارجہ سشما سوراج نے آج اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں عاجلانہ اصلاحات کا مسئلہ اٹھایا جبکہ وہ چین ،ابسا اور جی 4 بلاکس کے وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں کررہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ 2015 تک اصلاحات کے عمل کی تکمیل کیلئے مرتکز کوششیں کی جانی چاہئے جبکہ اقوام متحدہ کی تاسیس کی 70 ویں سالگرہ تقاریب مقرر ہیں۔ سشما سواراج نے اپنے دورہ کے دوسرے دن نیو یارک میں مسلسل ملاقاتیں کیں۔ وزیر خارجہ چین وانگ ای، وزیر خارجہ برازیل لوئی البرٹو فقیریڈو اچانڈو اور بنگلہ دیش کے وزیر خارجہ ابوالحسن محمود علی سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے موقع پر علحدہ طور پر ملاقاتیں کیں۔ انہوں نے وزرائے خارجہ برازیل، جرمنی اور جاپان کے ساتھ جن کا تعلق جی 4 بلاک سے ہے کثیر جہتی اجلاسوں میں ملاقات بھی کیں۔ دولت مشترکہ کے وزرائے خارجہ ،سارک ،ابسا(ہندوستان، برازیل اور جنوبی افریقہ کا گروپ )،بریکس اور لاطینی امریکہ کے ممالک جو سیلاک کوارٹیٹ سے تعلق رکھتے ہیں ملاقاتیں کیں۔ جی 4 بلاک براعظم افریقہ کیلئے ہندوستان کی بھرپور تائید چاہتا ہے ۔ سشما سوراج نے کہا کہ جنوبی افریقہ کے وزیر خارجہ نیٹ ایملی نکوبانا نشابانے نے انہیں تیقن دیا کہ افریقہ جی 4 کے ساتھ ہندوستان کے 15 رکنی سلامتی کونسل کی مستقل نشست کے لئے دعوے پر بھرپور تائید کرے گا۔ سشما سوراج نے کہا کہ جب تک ہمیں براہ اعظم افریقہ کی تائید حاصل نہ ہوجائے اصلاح کی کارروائی میں پیشرفت نہیں ہوسکتی وہ ابسا کے وزراء سے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کررہی تھی۔ انہوں نے کہا کہ جی 4 وزرائے خارجہ سے ملاقات میں انکشاف ہوا کہ یہ گروپ بھی سلامتی کونسل میں اصلاحات چاہتا ہے ۔ سشما سوراج نے کہا کہ تمام ملاقاتوں میں باہمی مسائل پر تبادلہ خیال کے علاوہ انہوں نے عالمی ادارہ میں 2015 تک اصلاحات کے عمل کی تکمیل کیلئے زور دیا ہے ۔ جبکہ اقوام متحدہ کی 70 ویں یوم تاسیس تقاریب منائی جائیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ وہ جی 4 بلاک اور جنوبی افریقہ کے وزراء سے ملاقات کر کے اصلاح کا مسئلہ اٹھاچکی ہیں۔ چین کے ساتھ بھی یہ مسئلہ اٹھایا گیا ۔ انہوں نے گذشتہ دو دن میں ملاقاتوں کو کامیاب قرار دیا اور کہا کہ یہ کوئی کارنامہ نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ ان کے دورہ کے پہلے دن وہ برطانیہ ،سوڈان ،مالدیپ ،ناروے ،کرغیزستان ،یونان اور نائجیریا کے وزرائے خارجہ سے بھی ملاقات کرچکی ہے اور ان کو دعوت دے چکی ہیں کہ ہندوستان کی نئی حکومت کی جانب سے جن پر عزم پراجکٹس اور تجاویز کی نقاب کشائی کی گئی ہے ان میں شرکت کریں۔ ان ممالک نے حکومت ہند کی سلامتی کونسل کی مستقل نشست کیلئے دعوے کی تائید کا تیقن دیا ۔ سشما سوراج نے دیگر وزرائے خارجہ کو نئی حکومت کو مبارکباد پیش کرنے پر جوابی نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔