اقوام متحدہ ۔4 فبروری ۔(سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ نے بدنام زمانہ افغان سورما گلبدین حکمت یار کا نام عالمی برادری کی دہشت گردوں کی فہرست سے حذف کردیا ہے ۔ قبل ازیں اُن کے تمام اثاثہ جات منجمد کردیئے گئے تھے اور اُن کے بیرونی ممالک سفر پر امتناع عائد کردیا گیا تھا ۔ وہ ہندوستان مخالف سرگرمیوں اور کابل میں قتل عام کے لئے شہرت رکھتے ہیں۔ انھوں نے حال ہی میں حکومت کے ساتھ ایک امن معاہدہ پر دستخط بھی کئے تھے ۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے القاعدہ کی تحدیدات کمیٹی سے خواہش کی تھی کہ حزب اسلامی کے قائد گلبدین حکمت یار پر بھی وہی تحدیدات عائد کی جائیں جو دولت اسلامیہ اور القاعدہ پر کی گئی ہیں۔ چنانچہ اُن کے اثاثہ جات منجمد کردیئے گئے تھے ۔ انھیں اسلحہ کی فروخت اور اُن کے بیرون ملک سفر پر امتناع عائد کیا گیا تھا ۔