اقوام متحدہ،20ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ کے جنرل سکریٹری اینٹونیو گٹیرس نے کوریائی ملکوں کی چوٹی کانفرنس میں پیونگ یانگ اتحاد کے اعلان کا خیر مقدم کیا جس میں کوریائی جزیرہ نما کو نیوکلیائی ہتھیاروں سے پاک رکھنے کے سلسلے میں جنوبی کوریا اور شمالی کوریا متفق ہوئے ہیں۔مسٹر گٹیرس نے کہاکہ اب پختہ کارروائی کا وقت آگیا ہے ۔مسٹرگٹیرس کے ترجمان اسٹیفن ڈوجارک کی جانب سے ایک بیان میں کہاگیا ہے کہ جنرل سکریٹری اس مستحکم عزم اور سفارت کی ستائش کرتے ہیں جس سے پیونگ یانگ کے اتحاد کے اعلان میں مضمر اہم معاہدے ممکن ہوپائے ہیں۔
یہ اعلان پیونگ یانگ میں شمالی کوریائی لیڈر کم جونگ ان نے جنوبی کوریا کے صدر مون جے ان کے ساتھ چوٹی کانفرنس کے دوران کیا ہے ۔اس سے پہلے چہارشنبہ کو شمالی کوریا کے لیڈر کم جون ان اور جنوبی کوریا کے صدر مون جے ان نے دارالحکومت پیونگ یانگ میں نیوکلیائی ترک اسلحہ اور دونوں کوریائی ملکوں کے درمیان فوجی تنازعہ کم کرنے کے لئے معاہدے پر دستخط کئے ۔