اقوام متحدہ کی بن غازی میں قیدیوں کو موت کی سزا دینے کے واقعہ پر نظر

تیونس، 25 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) لیبیا میں اقوام متحدہ مشن نے کہا ہے کہ چہارشنبہ کو مشرقی شہر بن غازی میں انتہائی سفاکی سے قیدیوں کو موت کی سزا دئیے جانے کے واقعہ پر اس کی گہری نظر ہے ۔بن غازی میں کم از کم نو قیدیوں کو کل گولی مار کر موت کی سزا دی گئی ہے ،قیدیوںکو یہ سزا اسی مقام پر دی گئی جہاں کل ہونے والے دوہرے کار بم دھماکوں میں 20 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے ۔اس واقعہ کو انجام دینے والے آدمی کا چہرہ اسپیشل فورس کے کمانڈر محمود الویرفلی سے مشابہت رکھتا ہے ۔قابل غور ہے کہ بین الاقوامی فوجداری عدالت کو اسپیشل فورس کمانڈر محمودکی اسی نوعیت کے بہت سے دیگر معاملات میں تلاش ہے ۔