اقوام متحدہ کو مسئلہ کشمیر کا تیسرا فریق ہونا چاہئے : میرواعظ

سرینگر ۔ 10 جون (سیاست ڈاٹ کام) اعتدال پسند حریت کانفرنس کے صدرنشین میرواعظ عمر فاوق نے تجویز پیش کی کہ اقوام متحدہ کو ہندوستان اور پاکستان کے بلارکاوٹ مذاکرات کیلئے مسئلہ کشمیر کا تیسرا فریق بن جانا چاہئے تاکہ اس تنازعہ کی یکسوئی ہوسکے۔ میرواعظ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اعتدال پسند حریت کانفرنس چاہتی ہیکہ بامعنی بات چیت اور دوستانہ تعلقات ہندوستان اور پاکستان کے درمیان قائم ہوجائیں اور اقوام متحدہ تیسرے فریق کی حیثیت سے مسئلہ کشمیر میں شرکت کریں۔ انہوں نے کہا کہ اعتماد کا فقدان اور بار بار بات چیت کا سلسلہ ٹوٹ جانا اس دیرینہ مسئلہ اور دیگر پیچیدہ مسائل کی یکسوئی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔ اس رکاوٹ پر دونوں ممالک کی جانب سے قابو نہیں پایا جاسکتا اس لئے اقوام متحدہ کا بحیثیت تیسرا فریق مذاکرات میں شامل ہوجانے سے مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔