اقوام متحدہ و آسٹریلیا میں عالمی یوم یوگا کی تیاری

اقوام متحدہ / ملبورن 9 جون (سیاست ڈاٹ کام ) پہلے بین الاقوامی یوم یوگا تقریبات کی صدارت یہاں وزیر خارجہ ہندوستان سشما سوراج کریں گی اور اس کی خاص بات یہ ہوگی کہ تقریبا ت کا راست براڈکاسٹ عالمی تماش بینوں کیلئے ٹائمز اسکوائر پر کیاجائے گا ۔ اقوام متحدہ میں بین الاقوامی یوم یوگا 21 جون کو منایا جائے گا جہاں سکریٹری جنرل بان کی مون اور جنرل اسمبلی کے صدر سام کوٹیسا مہمانان خصوصی ہوں گے ۔ ہندوستان کی قیادت میں ہونے والی تقریبات میں آرٹس آف لیونگ کے بانی سری سری روی شنکر کی جانب سے ایک اینکچر اور مظاہرہ بھی شامل ہے ۔ اقوام متحدہ میں ہونے والی تقریبات ٹائز اسکوائر پر موجود ہزاروں افراد کیلئے براڈ کاسٹ کی جائے گی ۔ دوسری طرف ملبورن سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق 21 جون سے قبل ہندوستانی مشن کی جانب سے ایک ’’کرٹین ریزر‘‘ پروگرام وکٹوریہ کی پارلیمنٹ ہاوس کے روبرو منعقد کیا گیا جہاں ہزاروں افراد نے شریک ہوکر ’’سوریہ نمسکار‘‘ میں حصہ لیا جبکہ 21 جون کو معنقد شدنی پروگرام اسپرنگرس لیجر سنٹر کے علاوہ آسٹریلیا کے دیگر مقامات پر بھی منعقد کیا جائے گا ۔