اقوام متحدہ :روہنگیا پر مظالم قرارداد ،ووٹنگ میں ایران غیرحاضر

اقوام متحدہ ۔ 27 ڈسمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) ایران کی جانب سے دن رات یہ شور مچایا جاتا ہے کہ میانمار میں مسلمانوں پر مظالم کا سلسلہ بند کیا جائے۔ اس کے باوجود اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پیش کی جانے والی اُس قرار داد پر رائے شماری میں شریک نہیں ہوا جس میں روہنگیا مسلمانوں کے خلاف جرائم کے ارتکاب پر میانمار کی مذمت اور ملک میں اس مسلم اقلیت کے خلاف منظّم کریک ڈاؤن ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔جنرل اسمبلی میں اتوار کے روز پیش کی گئی قرارداد میں میانمار حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ روہنگیا مسلم اقلیت کے خلاف فوجی آپریشن ختم کر دے۔ قرارداد کے حق میں 122 ووٹ آئے جب کہ 10 ممالک نے اس کی مخالفت کی جن میں روس، چین اور شام شامل ہیں۔ مجموعی طور اقوام متحدہ کے 193 رکن ممالک میں 24 نے رائے شماری میں حصّہ نہیں لیا جب کہ 37 ممالک اجلاس سے غیر حاضر رہے جن میں ایران بھی شامل ہے۔اسلامی تعاون تنظیم کی جانب سے پیش کی جانے والی قرارداد میں اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ میانمار کے لیے ایک خصوصی ایلچی بھی مقرر کیا جائے۔ نیویارک میں اقوام متحدہ میں ایرانی مشن کی جانب سے جاری بیان میں قرارداد پر رائے شماری میں شریک نہ ہونے کا جواز پیش کیا گیا ہے۔ جس کے مطابق ایران نے ووٹنگ میں اس لیے حصّہ نہیں لیا کیوں کہ وہ جنرل اسمبلی کی تیسری کمیٹی کی مخالفت کرتا ہے جو اس سے قبل ایران میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمّت کی قراردادیں منظور کر چکی ہے۔