اقل ترین آمدنی اسکیم بھی راہول گاندھی کا جھوٹ ثابت ہوگی : چوہان

نئی دہلی، یکم اپریل ( سیاست ڈاٹ کام) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے کانگریس کے صدر راہل گاندھی کو ‘عادتاً جھوٹ بولنے والا سیاستدان’ قرار دیا اور مدھیہ پردیش سمیت مختلف ریاستوں میں کسانوں کی قرض معافی کے سلسلے میں ان کے وعدے کو نہ پورا کرنے کا الزام لگاتے ہوئے پیر کو انہوں نے کہا کہ کانگریس کی کم از کم آمدنی کے منصوبہ کے وعدے کا بھی ایسا ہی حشر ہونے والا ہے ۔ بی جے پی کے قومی نائب صدر اور مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے یہاں نامہ نگاروں سے کہا کہ مسٹر گاندھی عادتاً جھوٹ بولنے والے لیڈر ہیں اور وہ بہت بے شرمی اور اعتماد سے جھوٹ بولتے ہیں۔ مسٹر گاندھی نے نومبر 2018 میں راجستھان، چھتیس گڑھ اور مدھیہ پردیش اسمبلی کے انتخابات میں متعدد تقریروں میں کہا تھا کہ ریاست میں کانگریس کی حکومت بنتے ہی دس دن کے اندر کسانوں کا قرض معاف کر دیں گے اور کسی وزیر اعلی نے آنا کانی کی تو وزیر اعلی تبدیل کر دیں گے ۔مسٹر چوہان نے کہا کہ آج 104 دن ہو چکے ہیں اس کے باوجود نہ تو قرض معاف ہوا اور نہ ہی وزیر اعلی کو بدلا گیا۔