مسلم اور پچھڑے طبقات کا پارلیمنٹ کے لیے انتخاب ضروری : الحاج نواب محمد کاظم علی خاں
حیدرآباد ۔ 28 ۔ فروری : ( پریس نوٹ ) : آج جب کہ فرقہ پرستی کے بادل سیاسی فضا کو تاریک کررہے ہیں اور اوپنین پولس صحیح یا غلط انداز میں بی جے پی کو 2014 کے انتخابات میں سب سے بڑی اکثریت حاصل کرنے والی پارٹی کے طور پر پیش کررہے ہیں ۔ سیکولر طاقتوں کو اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے فرقہ پرست اور اقلیت دشمن طاقتوں کو کراری شکست دینا چاہئے ۔ ان خیالات کا اظہار امبیڈکر نیشنل کانگریس کے صدر جناب محمد کاظم علی خاں نے اپنے ایک صحافتی بیان میں کیا اور کہا کہ زیادہ سے زیادہ مسلم ، اقلیتی اور پچھڑے طبقہ کے امیدواروں کو پارلیمان میں بھیجنا چاہئے ۔
سیاسی جماعتوں کو بھی باکردار اور دیانت دار قائدین کو اپنے امیدوار کی حیثیت سے انتخاب کرنا چاہئے تاکہ صحیح عوامی خدمت ممکن ہوسکے اور پارلیمان کے اقدار کو برقرار رکھا جاسکے ۔ کسی بھی حلقے سے ایک سے زائد مسلم یا اقلیتی امیدوار نہ ہوں تاکہ سیکولر ووٹوں کی تقسیم روکی جاسکے ۔ امبیڈکر نیشنل کانگریس اپنی انتخابی حکمت عملی میں ان اصولوں کی سختی سے پابندی کرے گی ۔ جناب محمد کاظم علی خاں نے کہا کہ وہ شخصی طور پر اور پارٹی کے توسط سے مختلف اہم قائدین سے ربط پیدا کریں گے اور ایک کل ہند کنونشن بھی منعقد کیا جائے گا تاکہ سیکولر جماعتوں کو متحد کیا جاسکے کیوں کہ فرقہ پرست طاقتوں کی شکست وقت کی اہم ضرورت ہے ۔۔