بم دھماکے کے فیصلہ پر قانونی رائے طلب، تلنگانہ اقلیتی کمیشن کا اجلاس
حیدرآباد ۔ 8 ۔ مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ اقلیتی کمیشن نے مکہ مسجد کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے 12 مئی کو دورہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کمیشن کا اجلاس آج صدرنشین محمد قمبرالدین کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں رمضان المبارک کے پیش نظر شہر کی دو اہم مساجد مکہ مسجد اور شاہی مسجد کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا ۔ حالیہ بارش کے باعث مکہ مسجد میں نصب کردہ عارضی شیڈ کو نقصان پہنچا ۔ اس کے علاوہ مسجد کی چھت پر مرمتی کاموں کے سلسلہ میں نصب کردہ شیڈ منہدم ہوگیا ۔ اقلیتی کمیشن کی ٹیم مسجد کا دورہ کرتے ہوئے انتظامات کا جائزہ لیں گے۔ محمد قبرالدین نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے منظورہ بجٹ کے مطابق کاموں کی تکمیل اور وقف بورڈ کی جانب سے کئے جارہے انتظامات کا جائزہ لیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ایک دن میں دونوں مساجد کا دورہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں سے متعلق مرکز کے 15 نکاتی پروگرام پر عمل آوری کے سلسلہ میں چیف سکریٹری سے نمائندگی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ 15 نکاتی پروگرام پر عمل آوری کی رفتار انتہائی سست ہے۔ چیف سکریٹری سے خواہش کی جائے گی کہ وہ اسکیم کے صدرنشین کی حیثیت سے جائزہ اجلاس طلب کریں۔ قمرالدین نے کہا کہ مکہ مسجد بم دھماکہ سے متعلق این آئی اے عدالت کے فیصلہ پر ماہرین قانون سے رائے طلب کی گئی ہے۔ اس سلسلہ میں وزارت داخلہ اور لاء ڈپارٹمنٹ سے بھی رائے طلب کی گئی ۔ ضرورت پڑنے پر ہائیکورٹ یا سپریم کورٹ سے رجوع ہونے کی سفارش کی جائے گی۔ اجلاس میں نائب صدر نشین بی شنکر لوکے اور ارکان ارشد علی خاں ، ودیا شرونتی ، جی نوریہ ، سریندر سنگھ ، بی کٹیا اور محمد عبدالعظیم نے شرکت کی ۔