اقلیتی کارپوریشن کی بینکوں سے قرض سبسیڈی اسکیم ، اجرائی قرض کی اجازت

پرنسپل سکریٹری حکومت تلنگانہ جے ریمنڈ پیٹر کے احکامات
حیدرآباد۔/20ڈسمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں اقلیتی فینانس کارپوریشن کی بینکوں کے قرض سے مربوط سبسیڈی کی فراہمی اسکیم کے منظورہ درخواست گذاروں کیلئے خوشخبری ہے کہ حکومت نے سبسیڈی کی اجرائی کی اجازت دے دی ہے۔ حکومت نے اقلیتوں کے علاوہ درج فہرست اقوام، قبائیل، پسماندہ طبقات اور عیسائیوں کیلئے گزشتہ سال منظورہ سبسیڈی کی رقم جاری کرنے متعلقہ کارپوریشنوں کو اجازت دیتے ہوئے احکامات جاری کئے ہیں۔ پرنسپال سکریٹری ایس سی ڈیولپمنٹ ڈپارٹمنٹ جے ریمنڈ پیٹر نے احکامات جاری کئے۔سال 2013-14کے دوران مختلف طبقات کے کارپوریشنوں نے سبسیڈی کی اجرائی کے سلسلہ میں درخواستوں کی منظوری دی تھی۔ بینکوں سے مربوط سبسیڈی کی اس اسکیم پر عمل آوری کرتے ہوئے پہلے مرحلہ میں 11678 استفادہ کنندگان میں 51کروڑ 19لاکھ روپئے بطور سبسیڈی جاری کئے گئے جبکہ باقی 38913 درخواست گذاروں میں 177 کروڑ 79لاکھ روپئے بطور سبسیڈی اجرائی باقی ہے۔ استفادہ کنندگان کا تعلق تمام طبقات سے ہے۔ ریاست کی تقسیم کے بعد حکومت نے سبسیڈی کی رقم کی اجرائی پر روک لگادی تھی۔ جی او میں کہا گیا ہے کہ اس اسکیم کے تحت ایک لاکھ 70ہزار 157 استفادہ کنندگان کو 460کروڑ 26لاکھ کی اجرائی کا نشانہ مقرر کیا گیا تھا تاہم مختلف محکمہ جات میں 50591 استفادہ کنندگان کو سبسیڈی کیلئے اہل قرار دیتے ہوئے 228کروڑ 97لاکھ کی منظوری دی تھی۔ ایسے امیدوار جنہیں بینکوں نے قرض کی اجرائی سے اتفاق کرلیا اور سبسیڈی کی اجرائی کا انتظار تھا انہیں رقم جاری کرنے کیلئے حکومت سے بارہا نمائندگی کی گئی۔ حکومت نے ایس سی، ایس ٹی، بی سی، اقلیت اور کرسچین کارپوریشنوں کے منیجنگ ڈائرکٹرس کو اسکیم پر عمل آوری کی اجازت دے دی ہے جس کے تحت جملہ 38913 استفادہ کنندگان میں 177کروڑ 78لاکھ 42ہزار روپئے بطور سبسیڈی جاری کئے جائیں گے۔ جاریہ مالیاتی سال کے بجٹ سے یہ رقم جاری کی جائے گی۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اقلیتی فینانس کارپوریشنکے 3779 استفادہ کنندگان میں 18کروڑ 60لاکھ 84ہزار روپئے بطور سبسیڈی اجرائی باقی ہے جبکہ ایس سی کارپوریشن کے تحت 14476 استفادہ کنندگان میں 88کروڑ 52لاکھ 68ہزار، ایس ٹی کارپوریشن کے تحت 5362استفادہ کنندگان میں 28کروڑ 22لاکھ 21ہزار، بی سی کارپوریشن کے تحت 15085 استفادہ کنندگان میں 40کروڑ، 90 لاکھ 59ہزار اور کرسچین فینانس کارپوریشن میں 2011 استفادہ کنندگان کو ایک کروڑ 52لاکھ 10ہزار روپئے بطور سبسیڈی کی اجرائی باقی ہے۔ حکومت کی جانب سے سبسیڈی کی اجرائی کی اجازت کے بعد توقع کی جارہی ہے کہ تمام ضروری اُمور کی تکمیل اندرون ایک ماہ مکمل کرلی جائے گی۔ حکومت کے طریقہ کار کے مطابق تمام کارپوریشن منظورہ درخواستوں کی تفصیلات بینکرس کمیٹی کو روانہ کرتے ہوئے امیدواروں کے بینکوں میں موجود اکاؤنٹس کا جائزہ لیں گے جس کے بعد سبسیڈی کی رقم جاری کی جائے گی۔ اس اسکیم کے تحت 35 ہزار تا ایک لاکھ روپئے سبسیڈی جاری کی جائے گی جو بینک کے قرض کی 50فیصد رقم ہوگی۔ کارپوریشن 2لاکھ کے قرض پر ایک لاکھ سبسیڈی فراہم کرے گا۔ اس سے زائد قرض حاصل کرنے پر سبسیڈی کی حد ایک لاکھ ہی رہے گی۔ امیدواروں کو سبسیڈی کی رقم کارپوریشن کو واپس کرنے کی ضرورت نہیں بلکہ انہیں صرف بینک کا قرض ادا کرنا ہوگا۔ اقلیتی فینانس کارپوریشن کو سبسیڈی کی رقم جاری کرنے کیلئے 18کروڑ 60لاکھ کی ضرورت ہے جس میں 10کروڑ روپئے کارپوریشن میں موجود ہیں باقی رقم جاریہ سال کے بجٹ سے حاصل کی جائے گی۔