ڈائرکٹوریٹ آف ماینارٹیز حکومت کرناٹک کا فیصلہ
حیدرآباد ۔ 7 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : حکومت کرناٹک نے ڈائرکٹوریٹ آف ماینارٹیز کے ذریعہ ریاست کرناٹک کے اقلیتی نوجوانوں کو سیول سرویس امتحانات کی تیاری کے لیے تربیت دینے کا فیصلہ کیا ہے اور ڈائرکٹوریٹ آف ماینارٹیز ریاست کرناٹک نے ملک بھر میں موجود سیول سرویس کی تربیت فراہم کرنے والے مسلمہ اداروں سے درخواستیں طلب کی ہیں تاکہ نوجوانوں کی تربیت کی ذمہ داری انہیں تفویض کی جاسکے ۔ سال 2015-16 میں منعقد ہونے والے سیول سرویس امتحانات کیلیے تربیت کی فراہمی کے اہل مسلمہ ادارے جن کے نتائج بہتر رہے ہوں وہ اس ذمہ داری کے حصول کے لیے درخواست داخل کرسکتے ہیں ۔ درخواست کے ادخال کی آخری تاریخ 21 مئی رکھی گئی ہے اور شام 5 بجے تک داخل کی جاسکتی ہیں اور 26 مئی کو 11-30 بجے اس خصوص میں اجلاس منعقد ہوگا اور 3-30 بجے اداروں کے نام قطعیت دیدی جائے گی ۔ اس سلسلہ میں ڈائرکٹوریٹ آف ماینارٹیز نے ایک تفصیلی اعلامیہ نمبر DOM/UPSC/CR-20/2015-16 بتاریخ 4 مئی جاری کیا ہے ۔ جناب اکرم پاشاہ ڈائرکٹر ، ڈائرکٹوریٹ آف ماینارٹیز ، بنگلورو کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کی تفصیلات gokdom.kar.nic.in پر دیکھی جاسکتی ہیں ۔۔