حکومت کی منظوری ۔ حد عمر میں رعایت کا فیصلہ ‘ 27 مارچ تک درخواستیں داخل کرنے کی سہولت
حیدرآباد 12 مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے جاریہ سال اقلیتی بے روزگار نوجوانوں کو بینکوں کے قرض سے مربوط سبسیڈی کی فراہمی اسکیم پر عمل آوری کو منظوری دیدی ہے۔ سال 2014-15 کیلئے اسکیم پر عمل آوری کے سلسلہ میں عمر کی حد میں رعایت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اسکیم سے استفادہ کیلئے درخواستوں کے ادخال کی آخری تاریخ 27 مارچ مقرر کی گئی ہے ۔ اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے آج اس سلسلہ میں جی او ایم ایس 15 جاری کیا۔ حکومت نے اس اسکیم کیلئے عمر کی حد کو 21 تا 55 سال کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ سابق میں اہلیت کی عمر کی حد 21 تا 40 سال تھی اس رعایت سے بڑی تعداد میں اقلیتیں اسکیم سے استفادہ کرپائیں گے۔ خود روزگار اسکیم کے تحت سبسیڈی کی فراہمی کا کام اقلیتی فینانس کارپوریشن کے ذمہ دیا گیا ہے ۔ جاریہ سال اسکیم کے رہنمایانہ خطوط کی عدم اجرائی کے سبب درخواستوں کی وصولی کا آغاز نہیں ہوسکا تھا ۔ جی او میں کہا گیا ہے کہ درخواست گذار آن لائن درخواستیں داخل کرسکتے ہیں۔ درخواستوں کے ادخال کے وقت دیگر اسنادات جیسے انکم اور رہائشی سرٹیفکیٹ کے ساتھ آدھار کارڈ کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔ آن لائن درخواستیں www.tsobmms.cgg.gov.inپر داخل کی جاسکتی ہے ۔ واصح رہے کہ حکومت نے اس اسکیم کیلئے 94 کروڑ روپئے جاری کئے ہیں۔ کرسچن فینانس کارپوریشن کے ذریعہ 10 کرور روپئے بطور سبسیڈی جاری کئے جائیں گے جبکہ اقلیتی فینانس کارپوریشن 84 کروڑ روپئے جاری کرے گا ۔ آمدنی کی حد شہری علاقوں میں سالانہ 75 ہزار اور دیہی علاقوں مںی سالانہ 60 ہزار روپئے مقرر کی گئی ہے ۔ امیدواروں کو بینک سے 3 لاکھ روپئے تک قرض جاری کیا جائے گا جبکہ فینانس کارپوریشن کی سبسیڈی کی حد ایک لاکھ روپئے ہوگی ۔ 2 لاکھ روپئے قرض کی صورت میں 50 فیصد سبسیڈی کے طور پر ایک لاکھ روپئے جاری کئے جائیں گے ۔ دیگر شرائط و ضوابط گذشتہ سال کی طرح برقرار رہیں گی۔ واضح رہے کہ 2013-14 کے منتخب امیدواروں میں سبسیڈی کی اجرائی کا کام اقلیتی فینانس کارپوریشن کی جانب سے جاری ہے اور ابھی تک 90 فیصد امیدواروں میں سبسیڈی کی رقم جاری کردی گئی۔ جبکہ 10 فیصد امیدواروں میں رقم کی اجرائی کا کام جاری ہے ۔بجٹ کے جاریہ سال استعمال کو یقینی بنانے کیلئے حکومت نے اسکیم پر عمل آوری کا فیصلہ کیا ہے ۔ مالیاتی سال کا اختتام 31 مارچ کو ہوگا۔ منیجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن پروفیسر ایس اے شکور نے اقلیتی طبقہ کے افراد سے اپیل کی کہ وہ اس اسکیم سے زیادہ سے زیادہ استفادہ حاصل کریں۔ می سیوا سنٹرس پر بھی درحواستیں آن لائن داخل کی جاسکتی ہیں۔