اقلیتی مالیاتی کارپوریشن سے اندرون دو یوم پانچ کروڑ سبسیڈی رقم کی اجرائی

تاحال 35 کروڑ 93 لاکھ روپئے جاری، مینجنگ ڈائرکٹر کارپوریشن ایس اے شکور کا بیان
حیدرآباد ۔ 26 مئی (سیاست نیوز) اقلیتی فینانس کارپوریشن کی بینکوں سے مربوط سبسیڈی فراہمی اسکیم کے تحت آج تک تقریباً 27 کروڑ روپئے 11,180 درخواست گذاروں نے بطور سبسیڈی جاری کئے ہیں۔ منیجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ 32 کروڑ روپئے مالیتی سبسیڈی سے متعلق درخواست گذاروں نے تمام ضروری امور کی تکمیل کرلی ہے اور ان کی درخواستیں مکمل ہیں۔ لہٰذا انہیں ترجیحی بنیاد پر سبسیڈی کی رقم جاری کی جارہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مابقی 5 کروڑ روپئے اندرون دو یوم جاری کردیئے جائیں گے۔ پروفیسر ایس اے شکور نے ان درخواست گذاروں کو جن کی درخواستیں ابھی تک نامکمل ہیں یا جنہوں نے تمام دستاویزات بینکوں میں داخل نہیں کیا ، مشورہ دیا کہ وہ جلد از جلد ضروری امور کی تکمیل کرلیں۔ جیسے جیسے بینکوں سے منظوریاں حاصل ہوں گی

، کارپوریشن سبسیڈی کی رقم جاری کردے گا۔ انہوں نے بتایا کہ نئے قواعد کے تحت سبسیڈی کی اجرائی کے سلسلہ میں 68 کروڑ 57 لاکھ 95 ہزار روپئے مالیتی سبسیڈی کی بینکوں سے منظوری حاصل ہوئی ہے۔ جن کے استفادہ کنندگان کی تعداد 16,116 ہے۔ تاہم 32 کروڑ مالیتی درخواست گذاروں نے ہی ضروری امور کی تکمیل کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس اسکیم کے تحت جملہ 100 کروڑ روپئے منظور کئے گئے تھے جن میں 75 کروڑ جاری کئے گئے۔ پہلے مرحلہ میں 4175 استفادہ کنندگان نے 11 کروڑ 12 لاکھ 89 ہزار روپئے بطور سبسیڈی جاری کئے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں مراحل میں اب تک 35 کروڑ 93 لاکھ روپئے بطور سبسیڈی جاری کردیئے گئے۔ انہوں نے درخواستوں کی منظوری کے سلسلہ میں بینکوں کی جانب سے تاخیر کی شکایات کو مسترد کردیا

اور کہا کہ تمام قومیائے ہوئے بینکس اس سلسلہ میں مکمل تعاون کررہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ درخواستوں کی یکسوئی کیلئے تمام ضروری دستاویزات کی پیشکشی لازمی ہے۔ اگر درخواست گذار مکمل درخواستیں پیش کریں تو بینک سے یکسوئی میں مدد ملے گی۔ انہوں نے بتایا کہ اکثر و بیشتر بینکوں کو جو ٹارگٹ دیا گیا تھا اس سے زائد درخواستیں بینکوں کو وصول ہوئیں لیکن بینک اپنے ٹارگٹ سے زیادہ منظوری کے مجاز نہیں۔ جن بینکوں میں ٹارگٹ سے کم درخواستیں وصول ہوئی ہیں، اقلیتی فینانس کارپوریشن اس بات کی کوشش کررہا ہے کہ زائد درخواستوں کو ان بینکوں سے رجوع کیا جائے۔ اس سلسلہ میں ضلع کلکٹر کی منظوری کا انتظار ہے۔ پروفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ کارپوریشن کا عملہ رات دیر گئے فرائض کی انجام دہی کے ذریعہ سبسیڈی کی اجرائی کو یقینی بنارہا ہے۔