اقلیتی فینانس کارپوریشن کے ڈائرکٹرس کے تبادلے ، نئے تقررات

حیدرآباد۔/11جون، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں اقلیتی فینانس کارپوریشن کے 5 ایکزیکیٹو ڈائرکٹرس کے تبادلے اور نئے تقررات عمل میں لائے گئے۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود و منیجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن جلال الدین اکبر نے اس سلسلہ میں احکامات جاری کئے۔ کارپوریشن کے ایکزیکیٹو ڈائرکٹر سلیم باشاہ کا حیدرآباد سے تبادلہ کرتے ہوئے عادل آباد میں ایکزیکیٹو ڈائرکٹر مقرر کیا گیا۔ مسٹر سپتا گیری اور نلگنڈہ سے ڈپوٹیشن پر کارپوریشن کو آنے والی محکمہ مال کی عہدیدار ڈی ایلیا کو حیدرآباد میں ایکزیکیٹو ڈائرکٹرس مقرر کیا گیا۔ محبوب نگر میں ایکزیکیٹو ڈائرکٹر کی حیثیت سے خدمات انجام دینے والے ایم اے رشید کا رنگاریڈی تبادلہ کیا گیا۔ جلیل احمد غوری کو محبوب نگر میں ایکزیکیٹو ڈائرکٹر کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ حالیہ عرصہ میں ایکزیکیٹو ڈائرکٹرس کی جانب سے مبینہ بے قاعدگیوں کی مختلف شکایات ملیں اور بعض عہدیداروں کے خلاف اینٹی کرپشن بیورو نے بھی کارروائی کی۔ حیدرآباد اور رنگاریڈی کے عہدوں کی کافی اہمیت ہے کیونکہ اسکیمات پر عمل آوری کے سلسلہ میں ان دونوں اضلاع میں بڑے پیمانے پر رقومات کی وصولی کی شکایات ملتی رہی ہیں۔ اسی دوران ورنگل، نلگنڈہ اور کھمم میں ایکزیکٹیو ڈائرکٹرس کے عہدے ابھی بھی مخلوعہ ہیں اور ان اضلاع میں ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسرس کو ایکزیکیٹو ڈائرکٹر کے عہدہ کی زائد ذمہ داری دی گئی۔