اقلیتی فینانس کارپوریشن کے ذریعہ تربیت اور ملازمتوں کی فراہمی

بڑے پیمانے پر مہم شروع کرنے کا فیصلہ ، ڈائرکٹر اقلیتی بہبود کی مختلف اعلیٰ عہدیداروں سے بات چیت
حیدرآباد۔ 23 ۔ نومبر (سیاست نیوز) اقلیتی فینانس کارپوریشن کے ذریعہ مختلف پیشہ ورانہ کورسس میں تربیت اور اہم کمپنیوں میں روزگار کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے بڑے پیمانہ پر مہم چلانے کا فیصلہ کیا گیا ۔ اس سلسلہ میں مختلف رضاکارانہ تنظیموں اور اداروں سے تعاون حاصل کیا جارہا ہے ۔ محکمہ اقلیتی بہبود کے ڈائرکٹر ایم جے اکبر اور مینجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن بی شفیع اللہ نے اس سلسلہ میں مختلف رضاکارانہ تنظیموں کے نمائندوں سے ملاقات کی اور اقلیتی نوجوانوں کو ٹریننگ اور روزگار کی فراہمی کے منصوبہ سے واقف کرایا۔ مختلف اداروں نے اس سلسلہ میں حکومت سے مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے ۔ اقلیتی فینانس کارپوریشن کو ریاست کے تین اہم اداروں نے نہ صرف ٹریننگ فراہم کرنے کا تیقن دیا بلکہ ٹریننگ کی تکمیل کے بعد 70 فیصد امیدواروں کو روزگار فراہم کرنے کا بھروسہ دلایا ہے۔ کارپوریشن کی جانب سے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹورازم اینڈ ہوٹل مینجمنٹ ، تلنگانہ اکیڈیمی آف اسکل اینڈ نالج ، ای سی آئی ایل ، نیشنل انسٹی ٹیوٹ فار مائیکرو اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزس اور خاک طیبہ ٹرسٹ کے ذریعہ مختلف کورسس میں ٹریننگ کیلئے درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔ تلنگانہ اکیڈیمی آف اسکل اینڈ نالج اور ای سی آئی ایل نے 70 فیصد امیدواروں کو روزگار کی فراہمی کا تیقن دیا ہے۔ اکیڈیمی اسکول آف نالج میں دو کورسس کیلئے تین ماہ کی ٹریننگ مفت فراہم کی جائے گی۔ مختلف اداروں میں دی جانے والی ٹریننگ کیلئے جملہ 2052 امیدواروں نے درخواستیں داخل کی ہیں اور سلیکشن کمیٹی کے ذریعہ امیدواروں کا انتخاب کیا جائے گا۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود ایم جے اکبر نے بتایا کہ بڑے پیمانہ پر ٹریننگ پروگراموں کو شہر اور اضلاع میں توسیع دی جائے گی تاکہ اقلیتی نوجوانوں کو بہتر روزگار کے مواقع فراہم ہوسکے۔ انہوں نے بتایا کہ قومی سطح کے نامور اداروں اقلیتی طلبہ کو پیشہ ورانہ کورسس کی ٹریننگ فراہم کرنے سے اتفاق کیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ بعض ایسے ادارے بھی حکومت سے ربط میں ہیں جو اقلیتی طلبہ کو ٹریننگ کے بعد بیرون ملک روزگار فراہم کرنے کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رضاکارانہ تنظیموں کے ذریعہ ٹریننگ پروگراموں میں توسیع دی جائے گی۔ امیدواروں کو ٹریننگ کے دوران ماہانہ 350 روپئے اسٹیفنڈ دیا جائے گا۔ توقع ہے کہ ڈسمبر کے پہلے ہفتہ سے ٹریننگ کا آغازہوگا ۔ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹورازم اینڈ ہوٹل مینجمنٹ کے  تین کورسس کیلئے 19 درخواستیں داخل کی گئیں جبکہ خاک طیبہ ٹرسٹ کے ٹیلرنگ کورس کیلئے 887 درخواستیں داخل کی گئیں۔ اکیڈیمی آف اسکل اینڈ نالج کے دو کورسس کیلئے 82 اقلیتی طلبہ نے درخواستیں داخل کی ہیں۔ ای سی آئی ایل کے 7 کورسس میں 693 امیدواروں نے دلچسپی دکھائی ہے۔ مینجنگ ڈائرکٹر بی شفیع اللہ نے بتایا کہ دو اداروں نے 70 فیصد امیدواروں کو پلیسمنٹ کے سلسلہ میں کارپوریشن سے معاہدہ کیا ہے۔