اقلیتی فینانس کارپوریشن کے دو معطل عہدیدار بحال

حیدرآباد۔2مارچ ( سیاست نیوز) آندھراپردیش حکومت نے اقلیتی فینانس کارپوریشن کے دو معطل شدہ عہدیداروں کو بحال کردیا ہے ۔ اس سلسلہ میں آج اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود شیخ محمد اقبال نے جی او آر ٹی 17جاری کیا ۔ جی او کے مطابق اقلیتی فینانس کارپوریشن کے سابق جنرل منیجرمحمد لیاقت علی اور اکاؤنٹس آفیسر شیخ احمد علی کی معطلی ختم کرتے ہوئے فوری ڈیوٹی پر رجوع ہونے کی ہدایت دی گئی ۔ اقلیتی فینانس کارپوریشن میں پیش آئے اسکام میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کے الزام میں ان دونوں کو معطل کیا گیا تھا ۔ اس اسکام کی سی بی سی آئی ڈی تحقیقات ابھی جاری ہے ‘ تاہم اسے حکومت نے تحقیقات زیر دوران ہونے کے باوجود معطلی ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ آج رات اس جی او کی اجرائی کے بعد تلنگانہ حکومت کے محکمہ اقلیتی بہبود کے عہدیدار / آندھراپردیش حکومت کے اس فیصلہ پر حیرت میں پڑگئے ۔ حکومت اے پی کا کہنا ہیکہ اقلیتی فینانس کارپوریشن ابھی تک منقسم نہیں ہوا لہذا وہ اس فیصلہ کا اختیار رکھتی ہے ۔