الوک سریواستو آئی پی ایس ریٹائرڈ کمشنر آف انکوائری مقرر
حیدرآباد ۔5 ۔ مئی ۔ (سیاست نیوز) حکومت نے اقلیتی فینانس کارپوریشن کے اسکام کی تحقیقات کیلئے مسٹر الوک سریواستو آئی پی ایس ریٹائرڈ کمشنر آف انکوائریز جے اے ڈی کو مقرر کیا ہے۔ ان کا تقرر مسٹر لنگا راج پانی گرہی آئی اے ایس کی جگہ کیا گیا، جنہیں اسپیشل سکریٹری کے عہدہ پر ترقی دی گئی ۔ اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے آج اس سلسلہ میں جی او آر ٹی 124 جاری کیا۔ اسکام کے سلسلہ میں معطل کئے گئے اقلیتی فینانس کارپوریشن کے دو عہدیداروں محمد لیاقت علی جنرل مینجر اور شیخ احمد علی اکاؤنٹ آفیسر کے معاملہ کی جانچ کیلئے حکومت نے کمشنر انکوائریز کی حیثیت سے لنگا راج پانی گرہی کا تقرر کیا تھا۔ تاہم ان کی ترقی کے بعد حکومت نے تحقیقات کو دوسرے عہدیدار کے پاس منتقل کردیا گیا۔ واضح رہے کہ اس معاملہ کی جانچ کرنے والے ایک عہدیدار عبدالغفور نے لنگاراج پانی گرہی کے تقرر پر یہ کہتے ہوئے اعتراض جتایا تھا کہ اسکام کے وقت وہ اقلیتی فینانس کارپوریشن کے مینجنگ ڈائرکٹر کے عہدہ پر فائز تھے۔ حکومت نے جنرل مینجر اور اکاؤنٹ آفیسر کو اسکام کے سلسلہ میں معطل کردیا ہے۔ تحقیقاتی افسر کے تقرر کے بعد اب دونوں عہدیداروں کے خلاف جانچ کا آغاز ہوگا۔