سکریٹری اقلیتی بہبود جناب احمد ندیم کا اعلیٰ سطحی اجلاس ، عہدیداروں کو ہدایت
حیدرآباد۔/6نومبر، ( سیاست نیوز) اقلیتی فینانس کارپوریشن کے ذریعہ بینکوں سے مربوط قرض پر سبسیڈی کی اجرائی سے متعلق اسکیم پر تیزی سے عمل آوری کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سکریٹری اقلیتی بہبود جناب احمد ندیم نے آج اس سلسلہ میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا جس میں ڈائرکٹر اقلیتی بہبود جناب جلال الدین اکبر اور منیجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن پروفیسر ایس اے شکور اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ جناب احمد ندیم نے کارپوریشن کی جانب سے تلنگانہ کے 10اضلاع میں اقلیتی امیدواروں کو سبسیڈی کی اجرائی کی تفصیلات حاصل کیں اور تیقن دیا کہ وہ بجٹ کے استعمال کے سلسلہ میں حکومت سے اجازت حاصل کریں گے۔ ریاست کی تقسیم کے بعد حکومت نے اکاؤنٹ منجمد کردیا تھا جس کے باعث سبسیڈی کی اجرائی کا عمل روک دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ نئے بجٹ کی اجرائی اور منجمد شدہ بجٹ کے ذریعہ سبسیڈی کی اجرائی کے سلسلہ میں حکومت کی توجہ مبذول کرائیں گے۔ سکریٹری اقلیتی بہبود نے عہدیداروں سے کہا کہ حکومت اقلیتوں کی فلاحی اسکیمات پر عمل آوری کے سلسلہ میں سنجیدہ ہے اور محکمہ کو بھی اس بات کی کوشش کرنی چاہیئے کہ مالیاتی سال کی تکمیل سے قبل مقررہ نشانوں کی تکمیل ہو۔ سال 2013-14 کے تحت سبسیڈی کی اجرائی کے سلسلہ میں 3779 امیدواروں میں 18کروڑ 60 لاکھ 84ہزار روپئے کی اجرائی باقی ہے۔ حکومت نے اس اسکیم کے تحت 100کروڑ روپئے مختص کئے تھے جس میں سے 75کروڑ روپئے جاری کئے گئے۔ تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں بجٹ کی تقسیم کے بعد تلنگانہ کے حصہ میں 31کروڑ 50لاکھ جبکہ آندھرا کیلئے 43کروڑ 50لاکھ مختص کئے گئے۔ اقلیتی فینانس کارپوریشن نے 5667 امیدواروں میں 23کروڑ 86لاکھ 40ہزار روپئے بطور سبسیڈی جاری کئے ہیں۔ تلنگانہ کے 10اضلاع میں 9446 امیدواروں میں 42 کروڑ 47لاکھ 24ہزار روپئے بطور سبسیڈی منظور کئے گئے تھے جبکہ تلنگانہ کا نشانہ 14739 امیدواروں میں 55کروڑ35لاکھ 31ہزار روپئے کی اجرائی تھا۔ دونوں ریاستوں میں بجٹ کی تقسیم کے بعد تلنگانہ کا بجٹ 7کروڑ 63لاکھ 60ہزار روپئے منجمد ہوچکا ہے۔ اگر حکومت اس رقم کے استعمال کی اجازت دے تو کارپوریشن منظورہ درخواستوں کو سبسیڈی جاری کردے گا۔ عہدیداروں نے سکریٹری اقلیتی بہبودکو بتایا کہ 2013-14 کی اسکیم پر عمل آوری مکمل نہ ہونے کے سبب 2014-15 کیلئے درخواستوں کی وصولی کا عمل شروع نہیں کیا گیا ہے۔ حکومت نے 2014-15 کے بجٹ میں سبسیڈی کی فراہمی کیلئے ابھی تک 12کروڑ 34لاکھ 78ہزارروپئے پہلے مرحلہ میں جاری کئے ہیں۔ جناب احمد ندیم نے کہا کہ حکومت سے اجازت کے حصول کے بعد تمام منظورہ درخواست گذاروں میں سبسیڈی کی رقم جاری کردی جائے گی۔ انہوں نے دیگر اسکیمات کے سلسلہ میں علحدہ طور پر اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔