(اقلیتی امیدواروں کیلئے خوش خبری)
50 ہزار کے درخواستوں کی پہلے مرحلہ میں یکسوئی، عنقریب جی او کی اجرائی متوقع
حیدرآباد۔ 29 اگسٹ (سیاست نیوز) اقلیتی فینانس کارپوریشن سے سبسیڈی کے حصول کے درخواست گزاروں کے لیے خوش خبری ہے۔ حکومت نے بینک سے کسی تعلق کے بغیر اقلیتی امیدواروں کو 50 ہزار روپئے تک کی سبسیڈی راست طور پر جاری کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے اسکیم کو منظوری دے دی ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو نے اسمبلی میں اعلان کیا تھا کہ غریب اقلیتی امیدواروں کو چھوٹے کاروبار کے آغاز کے لیے بینک سے رابطے کے بغیر کارپوریشن راست سبسیڈی جاری کرے گا۔ بینکوں سے مربوط اسکیم کی صورت میں کارپوریشن کو اسکیم پر عمل آوری میں دشواری پیش آرہی تھی۔ چیف منسٹر نے گزشتہ دنوں اقلیتی بہبود کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے اسکیم کو منظوری دی اور پہلے مرحلہ میں 50 ہزار روپئے تک کے درخواست گزاروں کو رقم جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ سکریٹری اقلیتی بہبود ایم دانا کشور جو اسکیم کی تیاری میں اہم رول ادا کرچکے ہیں۔ نئی اسکیم کا جی او41 آج جاری کردیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ ایسے امیدوار جنہوں نے 10 تا 50 ہزار روپئے تک کی سبسیڈی کی درخواست داخل کی ہے انہیں فوری طور پر رقم اکائونٹ میں منتقل کردی جائے گی۔ جی او کی اجرائی کی فوری بعد شہر اور اضلاع میں یکسوئی کا کام شروع ہوجائے گا۔ 50 ہزار روپئے تک کی سبسیڈی کے لیے تقریباً 1500 امیدواروں نے درخواست داخل کی ہے۔ ایک لاکھ روپئے تک سبسیڈی کے درخواست گزاروں کو کارپوریشن 80 فیصد سبسیڈی فراہم کرے گا جبکہ 20 فیصد رقم امیدوار کو ادا کرنی ہوگی۔ ایک لاکھ سے زائد کی سبسیڈی کے لیے بینک سے منظوری ضروری ہوگی۔ اقلیتی بہبود کے ذرائع نے بتایا کہ پہلے مرحلہ میں 50 ہزار روپئے تک کی رقم جاری کردی جائے گی تاکہ غریب افراد چھوٹے کاروبار کا آغاز کرسکیں۔ کارپوریشن کے اسکیم پر عمل آوری کے لیے 180 کروڑ روپئے درکار ہوں گے جبکہ کارپوریشن کا سالانہ بجٹ 143 کروڑ ہے۔ حکومت نے پہلی قسط کی رقم جاری کردی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ وسط مدتی انتخابات کی سرگرمیوں کو دیکھتے ہوئے محکمہ اقلیتی بہبود 3 سال سے تعطل کا شکار سبسیڈی اسکیم پر عمل آوری کا آغاز کررہا ہے۔ دوسری طرف اون یور کار اسکیم کے منظورہ 342 امیدواروں نے اندرون ایک ہفتہ گاڑیاں جاری کردی جائیں گی۔ گاڑیوں کی اجرائی کے سلسلہ میں حکومت سے منظوری حاصل ہوچکی ہے اور صرف تاریخ کا تعین باقی ہے۔ اس اسکیم کے تحت کارپوریشن نے امیدواروں کو 60 فیصد سبسیڈی فراہم کی ہے اور باقی رقم بینک نے بطور قرض جاری کیا ہے۔ اقلیتی امیدوار اس اسکیم کے ذریعہ خود مکتفی ہوجائیں گے۔