حیدرآباد ۔ 17 ۔ فروری (سیاست نیوز) چیف منسٹر کرن کمار ریڈی نے اقلیتی اداروں پر تقررات کا عمل تیز کردیا ہے۔ گزشتہ دنوں ریاستی حج کمیٹی کی تشکیل جدید کے بعد چیف منسٹر نے اقلیتی فینانس کارپوریشن کی تشکیل جدید کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔ اس سلسلہ میں کرن کمار ریڈی نے وزیر اقلیتی بہبود احمد اللہ کے علاوہ اپنے دفتر میں اقلیتی امور کے انچارج عہدیدار اور اقلیتی بہبود کے اعلیٰ عہدیداروں سے مشاورت کی۔ چیف منسٹر کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ کرن کمار ریڈی نے اقلیتی فینانس کارپوریشن میں نامزدگی کے لئے بیشتر ناموں کو قطعیت دیدی ہے۔ توقع کی جارہی ہے کہ اندرون دو یوم اقلیتی فینانس کارپوریشن کی تشکیل جدید کے احکامات جاری کردیئے جائیں گے۔ چیف منسٹر نے گزشتہ مرتبہ تشکیل شدہ اقلیتی فینانس کارپوریشن کے احکامات اور کارپوریشن سے متعلق ایکٹ کی تفصیلات حاصل کی ہیں۔ بتایا جاتا ہے
کہ صدرنشین کے ساتھ 14 ڈائرکٹرس کو نامزد کیا جائے گا ۔ چیف منسٹر کے دفتر کی جانب سے ایک اہم اقلیتی ادارے پر تقررات کی تیاریوں کی اطلاع ملتے ہی مختلف عوامی نمائندوں نے اپنے سفارش ناموں کو روانہ کرنا شروع کردیا ہے ۔ مختلف ریاستی وزراء اور ارکان پارلیمنٹ نے بھی اپنے حامیوں کے نام چیف منسٹر کو روانہ کئے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ 100 سے زائد سفارشی نام چیف منسٹر کے پاس پہنچ چکے ہیں۔ تاہم چیف منسٹر وزیر اقلیتی بہبود سے قطعی مشاورت کے بعد ناموں کو منظوری دیں گے۔ حج کمیٹی کی تشکیل کے ساتھ ہی دیگر اداروں میں تقررات کیلئے کانگریس کے اقلیتی قائدین کی جانب سے پیروی کا آغاز ہوچکا ہے اور سرکردہ اقلیتی قائدین کی قیامگاہوں پر عہدہ کے خواہشمندوں کا ہجوم دیکھا جارہا ہے، جن کے ہاتھوں میں بائیو ڈاٹا سے متعلق فائیل موجود ہے۔