اقلیتی فینانس کارپوریشن میں درخواستوں کی وصولی تاریخ میں توسیع متوقع

حیدرآباد۔/13فبروری، ( سیاست نیوز ) خود روزگار اسکیم کے تحت اقلیتی فینانس کارپوریشن کی جانب سے درخواستوں کی وصولی کا سلسلہ جاری ہے اور توقع ہے کہ درخواستوں کے ادخال کی آخری تاریخ میں حکومت توسیع کرے گی۔ منیجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن پروفیسر ایس اے شکور کی توجہ دہانی پر اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے آج سماجی بھلائی کے پرنسپل سکریٹری ریمنڈ پیٹر کو مکتوب روانہ کیا۔ مکتوب میں خواہش کی گئی کہ درخواستوں کے ادخال کی تاریخ میں توسیع کی جائے کیونکہ امیدواروں کو انکم سرٹیفکیٹ کے حصول میں دشواریوں کا سامنا ہے۔ ایم آر او دفاتر سے انکم سرٹیفکیٹ کی اجرائی میں تاخیر کی شکایات پر تاریخ میں توسیع کی سفارش کی گئی۔ اس اسکیم کے تحت ریاست بھر میں جملہ 11ہزار 230 درخواستیں داخل کی گئیں۔ درخواستوں کی تعداد کے اعتبار سے حیدرآباد سرفہرست ہے جہاں اب تک 9017درخواستیں داخل کی گئیں۔ تاریخ میں توسیع کے امکانات کو دیکھتے ہوئے اقلیتی فینانس کارپوریشن نے امیدواروں سے درخواستوں کی وصولی کا سلسلہ جاری رکھا ہے حالانکہ سابقہ احکامات کے مطابق 10فبروری کو آخری تاریخ ختم ہوگئی۔ بینکوں سے مربوط سبسیڈی فراہمی سے متعلق اس اسکیم کے تحت اقلیتی فینانس کارپوریشن کو 26ہزار620 افراد کو سبسیڈی فراہم کرنے کا نشانہ مقرر کیا گیا ہے۔ سابقہ اسکیم کے تحت جس میں 30ہزار روپئے تک کی سبسیڈی کی گنجائش تھی 4178 امیدواروں میں 11.13کروڑ روپئے جاری کئے گئے۔ سابقہ اسکیم کے مزید 8ہزار درخواستیں نئی اسکیم میں شامل کی گئی ہیں جنہیں 33کروڑ روپئے کی اجرائی عمل میں آئے گی۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ درخواستوں کو آن لائن کرنے کا کام تیزی سے جاری ہے اور 71% درخواستیں آن لائن کردی گئیں۔

انہوں نے بتایا کہ جن 8ہزار امیدواروں کو بینکوں نے قرض کی اجرائی سے اتفاق کیا ضلع کلکٹرس کی جانب سے ان کی درخواستوں کی یکسوئی کا کام شروع کردیا گیا ہے۔ نظام آباد ضلع کلکٹر نے 543 اور کریم نگر میں 270درخواستوں کی یکسوئی کردی گئی۔ ان درخواست گذاروں کو بہت جلد سبسیڈی کی رقم جاری کردی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ نئی درخواستوں کو بینکوں کی برانچس کے اعتبار سے علحدہ کیا جارہا ہے اور انہیں متعلقہ برانچس کو روانہ کیا جائے گا۔اس سلسلہ میں ہر برانچ کیلئے حکومت نے نشانہ مقرر کیا ہے۔ درخواستیں ملنے کے بعد بینکس اپنے فیلڈ آفیسرس کے ذریعہ معلومات حاصل کرتے ہوئے درخواستوں کی یکسوئی کریں گے اور قرض کی منظوری سے اتفاق کیا جائے گا۔ تمام درخواستوں کی ضلع کلکٹر کی صدارت میں منعقد ہونے والے بینکرس کمیٹی کے اجلاس میں یکسوئی کی جارہی ہے۔ پروفیسر ایس اے شکور نے کہاکہ حکومت نے اس اسکیم کے تحت جو نشانہ مقرر کیا ہے اس کی تکمیل ہوگی اور ضرورت پڑنے پر حکومت سے زاید فنڈ کی اجرائی کی درخواست کی جائے گی۔