اقلیتی فینانس کارپوریشن اور کرسچین فینانس کارپوریشن کی تقسیم

ملازمین اور اثاثہ جات کی بھی تقسیم کے لیے کارروائی تقریبا مکمل ، سکریٹری اقلیتی بہبود کے احکامات
حیدرآباد۔/16ڈسمبر، ( سیاست نیوز) اقلیتی فینانس کارپوریشن اور کرسچین فینانس کارپوریشن کی تقسیم کا فیصلہ کرتے ہوئے حکومت نے احکامات جاری کردیئے ہیں۔ یہ دونوں ادارے اب تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں علحدہ علحدہ طور پر کام کریں گے۔ تلنگانہ کیلئے علحدہ اقلیتی فینانس کارپوریشن اور کرسچین فینانس کارپوریشن کی تشکیل کا عمل شروع کرنے کیلئے سکریٹری اقلیتی بہبود احمد ندیم نے احکامات جاری کئے۔ آندھرا پردیش تنظیم جدید بل 2014 کے مطابق ان اداروں کی تقسیم کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ دونوں اداروں کے ملازمین اور اثاثہ جات کی تقسیم کے سلسلہ میں کارروائی تقریباً مکمل کرلی گئی تاہم انہیں کمپنیز ایکٹ کے تحت رجسٹرڈ کیا جانا باقی ہے۔ سکریٹری اقلیتی بہبود نے نائب صدر نشین و منیجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن کو ذمہ داری دی ہے کہ تلنگانہ کیلئے علحدہ فینانس کارپوریشن کا کمپنیز ایکٹ کے تحت رجسٹریشن کرلیں۔ اس مرحلہ کی تکمیل کے بعد تلنگانہ کیلئے علحدہ اقلیتی فینانس کارپوریشن کارکرد ہوجائے گا۔ احکامات میں کہا گیا ہے کہ کارپوریشن کیلئے بورڈ آف ڈائرکٹرس کی حیثیت سے سکریٹری اقلیتی بہبود با اعتبار عہدہ صدرنشین ہوں گے جبکہ سکریٹری فینانس بحیثیت ممبر ڈائرکٹر اور ڈائرکٹر اقلیتی بہبود با اعتبار عہدہ منیجنگ ڈائرکٹر ہوں گے۔ سکریٹری اقلیتی بہبود نے دونوں اداروں کی کمپنیز ایکٹ کے تحت رجسٹریشن کی عاجلانہ تکمیل کیلئے ڈائرکٹر اقلیتی بہبود کو ضروری کارروائی کی ہدایت دی ہے۔ اداروں کی تقسیم کے ساتھ ہی ان پر تقررات کی راہ ہموار ہوجائے گی۔ حج ہاوز میں دونوں ریاستوں کیلئے اقلیتی فینانس کارپوریشن کے علحدہ دفاتر قائم کردیئے گئے ہیں صرف کارکردگی کا علحدہ طور پر آغاز باقی ہے۔ اسی دوران حکومت نے اردو اکیڈیمی کی تقسیم کا عمل مکمل کرلیا ہے۔ توقع ہے کہ اس سلسلہ میں جلد ہی احکامات جاری کئے جائیں گے۔ دونوں ریاستوں کی اردو اکیڈیمیوں کیلئے سوسائٹیز ایکٹ کے تحت رجسٹریشن کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ اداروں کی عدم تقسیم کے سبب کارکردگی میں رکاوٹ کو دیکھتے ہوئے تلنگانہ حکومت نے فوری تقسیم کی کارروائی کی۔