دو معطل ملازمین کے خلاف تحقیقات کے احکام
حیدرآباد۔/22اپریل، ( سیاست نیوز) حکومت نے اقلیتی فینانس کارپوریشن کے اسکام کے سلسلہ میں دو معطل ملازمین کے خلاف تحقیقات کیلئے تازہ احکامات جاری کرکے مسٹر لنگا راج پانی گراھی کمشنر انکوائریز کی جگہ مسٹر آلوک سریواستو آئی پی ایس ( ریٹائرڈ ) کو ذمہ داری ہے۔ رجسٹرار کمشنر انکوائریز نے محکمہ اقلیتی بہبود کو مکتوب روانہ کرکے اطلاع دی۔ اسکام کے سلسلہ میں معطل دو سابق ملازمین محمد لیاقت علی جنرل منیجر اور شیخ احمد علی اکاؤنٹس آفیسر کے خلاف تحقیقات مسٹر لنگا راج پانی گراھی کو تفویض کی گئی تھی لیکن حکومت نے انہیں اسپیشل چیف سکریٹری عہدہ پر ترقی دی ہے جسکے باعث تحقیقاتی افسر کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اسکام کی تحقیقات کے سلسلہ میں ریٹائرڈ ڈپٹی کلکٹر ایم اے غفور کی قیادت میں قائم کردہ دو رکنی کمیٹی نے لنگا راج پانی گراھی کے ذریعہ تحقیقات کی مخالفت کی۔ ایم اے غفور نے حکومت کو مکتوب روانہ کرکے واضح کیا تھا کہ جس وقت کارپوریشن میں اسکام ہوا اسوقت پانی گراھی نائب صدر نشین و ایم ڈی تھے لہذا تحقیقاتی افسر تبدیل کیا جائے۔ اسی دوران پانی گراھی کی اسپیشل چیف سکریٹری عہدہ پر ترقی کے بعد ریٹائرڈ آئی پی ایس عہدیدار الوک سریواستو کو تحقیقات کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ رجسٹرار کمشنر انکوائریز ایم ہنمنت ریڈی نے محکمہ اقلیتی بہبود سے خواہش کی کہ وہ اس سلسلہ میں احکامات جاری کریں۔