اقلیتی طلبہ کے لیے اوورسیز اسکالر شپ اسکیم

اسکالر شپ کی اجرائی میں تاخیر سے اولیائے طلباء پریشان،چیف منسٹر سے نمائندگی کرنے جناب فاروق حسین ایم ایل سی کا اعلان
حیدرآباد ۔ 29 ۔ دسمبر : ( نمائندہ خصوصی ) : آندھرا پردیش کی تقسیم کے بعد ٹی آر ایس کے برسر اقتدار آنے کے بعد سے چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اقلیتوں کی بہبود کے لیے کچھ ایسے اقدامات کئے ہیں جن سے اقلیتوں میں ان کی مقبولیت میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے ۔ روزنامہ سیاست اور ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں کی تحریک پر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے درج فہرست طبقات و قبائل کے مماثل مسلم طلبہ کو بھی بیرون ملک اعلیٰ تعلیم کے حصول میں مدد کے لیے اوورسیز اسکالر شپ اسکیم شروع کی جس کے تحت امریکہ ، برطانیہ ، آسٹریلیا ، نیوزی لینڈ اور سنگاپور کی یونیورسٹیز میں اعلیٰ تعلیم کے لیے جانے والے اقلیتی طلباء و طالبات کو فی کس 10 لاکھ روپئے کی اسکالر شپ کی فراہمی کا سلسلہ شروع کیا گیا جس کے ساتھ ہی چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو اقلیتوں کے لیے سارے ملک میں اپنی طرز کی ایک منفرد اسکیم شروع کرنے کا اعزاز حاصل ہوا ۔ واضح رہے کہ پہلے مرحلہ کے تحت 226 اقلیتی طلباء کا مذکورہ اسکیم کے تحت انتخاب عمل میں آیا اور ان کے لیے فی کس 10 لاکھ اور 60 ہزار روپئے بالترتیب فیس اور فضائی کرایہ کے لیے جاری کئے گئے جس کے لیے ان طلباء کے سرپرستوں نے حکومت تلنگانہ سے اظہار تشکر کیا ۔ تعلیمی سال 2016-17 میں حکومت نے چیف منسٹرس اوورسیز اسکالر شپ اسکیم کے لیے 30 کروڑ روپئے مختص کئے چنانچہ دوسرے مرحلہ میں 226 طلبہ کا انتخاب کیا گیا اور حکومت نے 15 کروڑ روپئے جاری بھی کردئیے اور اس رقم کے ذریعہ 226 میں سے 106 طلباء کی فیس کی پہلی قسط 5 لاکھ روپئے اور فضائی کرایہ 60 ہزار جملہ 5.60 لاکھ روپئے منظور کئے گئے جب کہ مابقی 120 طلبہ اور ان کے والدین اپنی اسکالر شپ رقم کی منظور کا بے چینی سے انتظار کررہے ہیں ۔ اس سلسلہ میں پریشان حال اولیائے طلباء نے آج ٹی آر ایس ایم ایل سی محمد فاروق حسین سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں اپنی پریشانیوں سے واقف کروایا اور بتایا کہ ان لوگوں نے قرض حاصل کرتے ہوئے اعلیٰ تعلیم کے لیے اپنے بچوں کے بیرون ملک جانے کا انتظام کیا ہے ۔ قرض کی ادائیگی کے لیے ان لوگوں پر دباؤ بڑھتا جارہا ہے ۔ ایسے میں حکومت تلنگانہ ان 120 طلبہ کی بھی اسکالر شپ رقم جاری کردیتی ہے تو انہیں کافی راحت ملے گی ۔ ان اولیائے طلباء کے مطابق چیف منسٹر کے سی آر نے غریب طلباء کے لیے اوور سیز اسکالر شپ کا آغاز کرتے ہوئے بہت بڑا کارنامہ انجام دیا ہے ۔ اس سے کئی خاندانوں کے حالات بدل سکتے ہیں ۔ مسٹر فاروق حسین نے جو عوامی خدمات کا بہترین ریکارڈ رکھتے ہیں ۔ اولیائے طلباء کو یقین دلایا کہ وہ بہت جلد چیف منسٹر کے سی آر سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں اولیائے طلباء کی پریشانی اور تشویش سے واقف کروائیں گے ۔ ان کا کہنا تھا کہ کے سی آر اقلیت دوست ہیں وہ اس مسئلہ کو بنا کسی تاخیر کے حل کردیں گے ۔۔