اقلیتی طلبہ کے اقامتی اسکولس کیلئے رقمی منظوری

حیدرآباد۔/4جنوری، ( سیاست نیوز) حکومت نے اقلیتی طلبہ کے 12اقامتی اسکولس کی نگہداشت کیلئے 4کروڑ روپئے جاری کئے ہیں۔ اس سلسلہ میں اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے آج ایک ترمیمی جی او جاری کیا۔ یکم اپریل 2013ء کو آندھرا پردیش اسٹیٹ کرسچین مائناریٹیز فینانس کارپوریشن اور اقلیتی فینانس کارپوریشن کو 10کروڑ 63لاکھ 75ہزار روپئے جاری کئے گئے تھے جس میں ہاسٹلس کی نگہداشت کیلئے 8کروڑ 31لاکھ 25ہزار روپئے مختص کئے گئے۔

کمشنر اقلیتی بہبود نے حکومت کو 24ڈسمبر کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے اقامتی مدارس کی نگہداشت کیلئے 4کروڑ روپئے کی اجرائی کی درخواست کی۔ آندھرا پردیش ریزیڈنشیل ایجوکیشنل انسٹی ٹیوٹس سوسائٹی کے سکریٹری نے اس رقم کی اجرائی کی جانب توجہ دلائی تھی تاکہ اقلیتی طلباء کے 12اقامتی مدارس کی نگہداشت کی جاسکے۔ اس درخواست کا جائزہ لینے کے بعد حکومت نے آج سابقہ جی او میں ترمیم کرتے ہوئے پہلے ہی جاری کردہ 8کروڑ 31لاکھ 25ہزار کی رقم میں سے 4کروڑ روپئے جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نائب صدر نشین و منیجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن یہ رقم سکریٹری اے پی آر ای آئی سوسائٹی کو ہاسٹلس کی نگہداشت کیلئے جاری کریں گے۔ یہ رقم اقامتی مدارس کے ملازمین کی تنخواہوں اور طلباء کو غذا کی فراہمی کے علاوہ عمارتوں کے مینٹننس پر خرچ کی جائے گی۔