حیدرآباد 9 جون (نمائندہ خصوصی) درج فہرست طبقات و قبائیل کو بیرون ملک کی یونیورسٹیز میں اعلیٰ تعلیم کیلئے حکومت ہند کی جانب سے شروع کردہ امبیڈکر ودیا ندھی اسکیم کے مماثل حکومت تلنگانہ نے اقلیتی طلبہ کیلئے بھی ایک اسکیم شروع کی ہے جس کے لئے کے سی آر حکومت نے 25 کروڑ روپئے بھی مختص کئے ہیں۔ اس سلسلہ میں ریاستی حکومت نے جی او ایم ایس نمبر 24 مورخہ 19-05-2015 بھی جاری کردیا ہے۔ ساتھ ہی یہ اعلان بھی کیا گیا ہے کہ اس اسکیم پر اگست سے عمل آوری کی جائے گی۔ ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں نے اس اسکیم اور اس کیلئے 25 کروڑ روپئے مختص کئے جانے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کے سی آر حکومت کی ستائش کی۔ تاہم انھوں نے حکومت سے خواہش کی کہ وہ اس اسکیم پر عمل آوری اگسٹ سے نہیں بلکہ جاریہ ماہ یا پھر یکم جولائی سے کرے اس لئے کہ بے شمار ہونہار مسلم طلباء i20لے کر آچکے ہیں اور امریکی و دیگر بیرونی یونیورسٹیوں میں انھیں یکم اگسٹ تک رپورٹ کرنی ہے۔ اس طرح اگسٹ سے وہاں فرسٹ سمسٹر بھی شروع ہوجاتا ہے۔ جناب زاہد علی خاں نے چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ سے یہ بھی درخواست کی کہ ریاست تلنگانہ کے محکمہ اقلیتی بہبود کے ذریعہ متعارف کروائی گئی اس اسکیم کیلئے جو 25 کروڑ روپئے مختص کئے گئے ہیں اسے اقساط میں جاری نہ کرے بلکہ یکمشت جاری کرے کیونکہ مسلم طلبہ کی کثیر تعداد i20 کے ساتھ امریکی و دیگر بیرونی یونیورسٹیز جانے کی منتظر ہے۔ واضح رہے کہ ٹی آر ایس حکومت نے اقلیتی طلبہ کو بیرون ملک اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لئے ایک نئی اسکیم متعارف کروائی ہے جس کا مقصد اقلیتوں کی سماجی، تعلیمی اور اقتصادی ترقی کے علاوہ ان کی بہبود کو یقینی بنانا ہے۔ اس اسکیم کے تحت پیشہ وارانہ کورسیس میں گریجویشن کرچکے طلبہ امریکہ، برطانیہ، آسٹریلیا، کینیڈا اور سنگاپور کی جامعات (یونیورسٹیز) میں داخلے لے سکتے ہیں۔ حکومت انھیں دس لاکھ روپئے کی امداد فراہم کرے گی، ساتھ ہی وہ بینکوں سے بھی دس لاکھ روپئے کا قرض حاصل کرسکیں گے۔ بیرون ملک یونیورسٹیز سے تعلیم حاصل کرنے کے خواہاں طلبہ کا TOFEL/IELTS ، GRE/GMAT وغیرہ کا حامل ہونا ضروری ہے۔ جی او میں حکومت نے طلبہ سے یکم اگسٹ تا 30 ستمبر درخواستیں آن لائن داخل کرنے کی خواہش کی ہے لیکن جناب زاہد علی خاں نے حکومت سے کہا ہے کہ یکم اگسٹ سے امریکی یونیورسٹیز میں پہلے سمسٹر کا آغاز ہوتا ہے ایسے میں اس سرکاری حکمنامہ میں کسی قدر ترمیم کرتے ہوئے اس غیرمعمولی اسکیم پر جاریہ ماہ یا پھر یکم جولائی سے عمل آوری کی جانی چاہئے۔