نئی دہلی ۔ /13 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) اقلیتی کمیونٹی طلبہ کیلئے اسکالر شپس کیلئے درخواست دینے میں سہولت اور آسانی کیلئے ایک موبائیل اپلیکیشن کا مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے جمعرات کو آغاز کیا ۔ مرکزی وزیر اقلیتی امور مسٹرنقوی نے کہا کہ نیشنل اسکالر شپ پورٹل (این ایس پی) کے اس ایپ سے نقالی کا تدارک ہوگا اور اسکالر شپ فوائد ٹھیک طور پر حاصل ہوں گے ۔ نقوی نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ ’’یہ وزارت کے تحت نیشنل اسکالر شپ پورٹل کا پہلا باضابطہ موبائیل ایپ ہے ۔ یہ طلبہ کیلئے نہایت مفید ثابت ہوگا ۔ بالخصوص ان طلبہ کیلئے جو ملک میں دور دراز مقامات پر رہتے ہیں ‘‘ مودی حکومت کی ’’امپاور منٹ وتھ آؤٹ اپیزینٹ ‘‘ پالیسی کا آغاز کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ چار سال میں اس وزارت کے مختلف اسکالر شپس سے تقریباً تین کروڑ اقلیتی طلبہ بشمول 1.63 کروڑ لڑکیاں مستفید ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کے تعلیمی پروگرامس کے باعث مسلم لڑکیوں میں ترک تعلیم کرنے والوں کی شرح کم ہوکر 35 تا 40 فیصد ہوئی ہے جو قبل ازیں 70 فیصد سے زیادہ تھی ۔ این ایس پی ایپ طلبہ کیلئے پرسکون انداز میں ان کے اسکالر شپ فارمس پر کرنے میں معاون ہوگا ۔ انہیں ایس ایم ایس کے ذریعہ ان کی درخواستوں کے موقف کے بارے میں اپ ڈیٹس بھی حاصل ہوں گے ۔ اقلیتی عہدیداروں نے کہا کہ جاریہ سال میں 48 لاکھ سے زائد درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ اس کی آخری تاریخ /30 ستمبر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسکالر شپس کی رقم کی تقسیم کا آغاز ڈسمبر میں ہوگا اور یہ دیئے گئے مالیاتی سال کے اختتام تک جاری رہے گا ۔