اقلیتی طلبہ کو سیول سرویسز کی کوچنگ، 12 مئی کو اسکریننگ ٹسٹ

۔100 امیدواروں کا انتخاب، اخراجات حکومت برداشت کرے گی : پروفیسر ایس اے شکور
حیدرآباد ۔ 9 ۔ مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ میں اقلیتی طلبہ کو سیول سرویسز کی کوچنگ کے نئے بیاچ کے سلسلہ میں جملہ 845 امیدواروں نے آن لائین درخواستیں داخل کی ہیں۔ 12 مئی کو اسکریننگ ٹسٹ کے ذریعہ 100 امیدواروں کا انتخاب کیا جائے گا ۔ سنٹر فار ایجوکیشنل ڈیولپمنٹ آف میناریٹیز کے ڈائرکٹر پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ حکومت نے اپنے خرچ پر خانگی کوچنگ سنٹرس میں سیول سرویسز کوچنگ فراہم کرنے کی اسکیم کا گزشتہ سال آغاز کیا۔ پہلے بیاچ کے 95 طلبہ کی کوچنگ اختتامی مرحلہ میں ہے اور 2 جون کو امتحان مقرر ہے۔ اس اسکیم کے تحت اسکریننگ ٹسٹ میں منتخب طلبہ کو اختیار دیاجاتا ہے کہ وہ اپنی پسند کے کوچنگ سنٹر کا انتخاب کریں۔ حکومت نے جن خانگی ٹاپ 5 کوچنگ سنٹرس کا انتخاب کیا ہے، ان میں حیدرآباد اسٹڈی سرکل ، لاء ایکسیلینس، برین ٹری، آر سی ریڈی اور انا لاگ شامل ہیں۔ حکومت نے ان اداروں سے معاہدہ کرتے ہوئے فی طالب علم ایک لاکھ 51 ہزار روپئے ادا کرنے سے اتفاق کرلیا ہے۔ کوچنگ کے دوران شہر سے تعلق رکھنے والے امیدواروں کو ماہانہ 2500 اور اضلاع کے امیدواروں کو 5000 روپئے ماہانہ اسٹائفنڈ دیا جائے گا۔ کتابوں اور میٹریل کی خریدی کیلئے ہر امیدوار کو کوچنگ کے دوران ایک مرتبہ 3000 روپئے ادا کئے جائیں گے۔ کوچنگ کی میعاد 9 ماہ کی ہوگی۔ پروفیسر ایس اے شکور کے مطابق اسکریننگ ٹسٹ کیلئے جو 12 مئی کو 9 مراکز پر صبح 11 تا 1 بجے دن منعقد ہوگا، تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ حیدرآباد کے علاوہ سابق تلنگانہ ریاست کے 9 اضلاع میں امتحانی مرکز قائم کیا جائے گا۔ رنگاریڈی ، محبوب نگر ، ورنگل ، نظام آباد ، کریم نگر ، میدک ، عادل آباد اور نلگنڈہ میں امتحانی مراکز قائم کئے جائیں گے۔ حیدرآباد سے 455 امیدواروں نے درخواستیں داخل کی ہیں جبکہ اضلاع سے 390 درخواستیں موصول ہوئیں۔ پروفیسر ایس اے شکور نے امید ظاہر کی کہ سیول سرویس کوچنگ کا پہلا بیاچ جس کا امتحان 2 جون کو مقرر ہے، بہتر نتائج برآمد ہوں گے۔ سیول سرویسز میں اقلیتوںکی نمائندگی میں اضافہ کیلئے حکومت نے یہ منفرد اسکیم شروع کی ہے۔