اقلیتی طلبہ کو سیول سرویسز امتحانی کوچنگ کیلئے مزید کوچنگ سنٹرس

اداروں کے انتخاب کے لیے کمیٹی کی تشکیل ، اے کے خاں اور پروفیسر ایس اے شکور کے درمیان بات چیت
حیدرآباد ۔ 21۔ جون (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے اقلیتی طلبہ کی سیول سرویسز امتحانات میں حصہ داری اور انتخاب کو یقینی بنانے کیلئے مزید خانگی کوچنگ سنٹرس میں داخلہ کے اہتمام کا فیصلہ کیا ہے ۔ حکومت کے مشیر برائے اقلیتی امور اے کے خاں اور ڈائرکٹر سی ای ڈی ایم پروفیسر ایس اے شکور نے آج سیول سرویسز امتحانات کے دوسرے بیاچ کی کوچنگ کے مسئلہ پر تبادلہ خیال کیا۔ حکومت نے گزشتہ سال اپنے خرچ پر اقلیتی طلبہ کو خانگی کوچنگ سنٹرس میں داخلہ کا اہتمام کیا تھا۔ اس کا مقصد اقلیتی طلبہ کے بہتر نتائج کو یقینی بنانا اور سیول سرویسز میں ان کی حصہ داری میں اضافہ کرنا ہے۔ پہلے بیاچ میں 88 طلبہ نے تین خانگی اداروں آر سی ریڈی ، حیدرآباد اسٹڈی سرکل اور برین ٹری میں داخلہ لیا تھا۔ ان طلبہ کے پریلمس امتحان اتوار کو منعقد ہوئے تھے ۔ حکومت نے جاریہ سال دوسرے بیاچ کیلئے مزید تین خانگی کوچنگ سنٹرس کے اضافہ کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلہ میں اداروں کے نام طئے کرنے کیلئے تین رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی۔ کلکٹر حیدرآباد راہول بوجا اور آئی پی ایس عہدیداران شاہنواز قاسم اور جیول ڈیوڈ پر مشتمل کمیٹی 27 جون تک اپنی رپورٹ پیش کردے گی جس میں دیگر خانگی اداروں کے ناموں کی سفارش کی جائے گی۔ ڈائرکٹر سی ای ڈی ایم پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ نامور خانگی اداروں کی تعداد میں اضافہ کا مقصد اقلیتی طلبہ کے بہتر نتائج کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں پہلی مرتبہ کسی ریاست نے اپنے خرچ پر اقلیتی طلبہ کو سیول سرویسز کی کوچنگ فراہم کرنے کا آغاز کیا ہے۔ کوچنگ سنٹرس کے انتخاب کے سلسلہ میں طلبہ کو مکمل اختیار دیا جاتا ہے تاکہ وہ اپنی پسند کے ادارہ میں کوچنگ حاصل کرے۔ پروفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ دوسرے مرحلہ کی کوچنگ کیلئے 450 طلبہ نے اپنے نام درج رجسٹر کرائے تھے جن میں سے 329 طلبہ نے اسکریننگ ٹسٹ میں حصہ لیا ، ان میں حیدرآباد کے طلبہ کی تعداد 189 ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسکریننگ ٹسٹ کے نتائج 3 جولائی کو جاری کئے جائیں گے اور توقع ہے کہ دوسرے بیاچ کی کوچنگ کا 15 جولائی سے آغاز ہوگا۔ طلبہ کو اپنی پسند کے ادارہ کے انتخاب کا موقع دیا جاتا ہے اور اضلاع سے تعلق رکھنے والے طلبہ کو اسٹائیفنڈ کی ادائیگی کا انتظام ہے۔