اقلیتی طلبہ کو سیول سروسیس اور دیگر کورسیس کی کوچنگ کیلئے فنڈس کی اجرائی سے اتفاق

نئی دہلی میں اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کے ڈائرکٹرس کا اجلاس ، پروفیسر ایس اے شکور کی رپورٹ
حیدرآباد۔ 3 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) قومی اقلیتی مالیاتی و ترقیاتی کارپوریشن نے تلنگانہ اور آندھراپردیش میں اقلیتی طلبہ کو سیول سرویسس اور دیگر کورسس میں کوچنگ کی فراہمی کیلئے فنڈس کی اجرائی سے اتفاق کیا ہے۔ کارپوریشن کے بورڈ آف گورنرس کا اجلاس آج نئی دہلی میں منعقد ہوا، جس میں آندھراپردیش اور تلنگانہ کی نمائندگی مینجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن پروفیسر ایس اے شکور نے کی۔ اس موقع پر انہوں نے سکریٹری محکمہ اقلیتی امور حکومت ہند وائی پی سنگھ کو تلنگانہ اور آندھراپردیش میں اقلیتی طلبہ کو پیشہ وارانہ کورسس کی ٹریننگ فراہم کئے جانے سے متعلق رپورٹ پیش کی۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ قومی اقلیتی مالیاتی کارپوریشن دونوں ریاستوں میں اقلیتی طلبہ کیلئے سیول سرویسس کی کوچنگ اسپانسر کریں تاکہ بڑی تعداد میں غریب اقلیتی طلبہ اس امتحان میں شرکت کی اہلیت حاصل کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی سرپرستی کی صورت میں اقلیتیں پیشہ وارانہ کورسس میں اپنی حصہ داری میں اضافہ کرسکتی ہیں ۔ انہوں نے سکریٹری اقلیتی امور سے خواہش کی کہ وہ سیول سرویسس ، ایمسٹ اور دیگر کورسس کی کوچنگ کیلئے فنڈس فراہم کریں۔ مسٹر وائی پی سنگھ نے تیقن دیا کہ حکومت ہند اس تجویز کا جائزہ لے گی اور آندھراپردیش اور تلنگانہ کے علاوہ دیگر ریاستوں میں بھی اس طرح کی کوچنگ کے آغاز کے امکانات کا جائزہ لیا جائے گا ۔ پروفیسر ایس اے شکور نے اقلیتی فینانس کارپوریشن کی اسکیمات کے علاوہ سی ای ڈی ایم کی جانب سے اقلیتوں کیلئے مختلف کورسس میں کوچنگ کے اہتمام کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ بورڈ آف گورنرس کے اجلاس میں آندھراپردیش کے علاوہ کرناٹک ، بہار اور مغربی بنگال کے عہدیداروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ قومی اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کے تحت ملک بھر میں اقلیتی طلبہ کیلئے ووکیشنل ٹریننگ کا اہتمام کیا جائے اور اس اسکیم پر کامیاب عمل آوری کیلئے رضاکارانہ تنظیموں کی خدمات حاصل کی جائے۔ بورڈ آف گورنرس نے مولانا آزاد اسکل اکیڈیمی کے قیام کو بھی منظوری دی جس کے تحت اقلیتی امیدواروں کو مارکیٹنگ ، ڈیزائننگ اور دیگر کورسس میں ٹریننگ دی جاسکے ۔ اس اکیڈیمی کے ذریعہ تعلیم یافتہ بیروزگار اقلیتی نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں روزگار کی فراہمی کیلئے رہنمائی کی جائے گی۔