اقلیتی طلبہ کو تعلیم و روزگار کیلئے ماہرین سے رہنمائی کا فیصلہ

نظامیہ کامپلکس گن فاونڈری میں کیرئیر کونسلنگ سنٹر کا عنقریب افتتاح
حیدرآباد ۔ 2 ۔نومبر (سیاست نیوز) اقلیتی طلبہ کیلئے تعلیم اور روزگار کے شعبوں میں ماہرین کے ذریعہ رہنمائی کے سلسلہ میں تلنگانہ کیریئر کونسلنگ سنٹر کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ میناریٹی اسٹڈی سرکل کے تحت یہ سنٹرکام کرے گا جس کا بہت جلد افتتاح عمل میں آئے گا۔ڈائرکٹر میناریٹیز اسٹڈی سرکل پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ گن فاؤنڈری میں واقع نظامیہ کامپلکس میں کیریئر کونسلنگ سنٹر قائم کیا جارہا ہے جس میں ماہرین کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ یہ پہلا موقع ہے جب کسی حکومت کی جانب سے اقلیتی طلبہ کی رہنمائی کے سلسلہ میں اس طرح کے سنٹر کے قیام کی منظوری دی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ اس سنٹر میں تعلیم اور روزگار سے متعلق شعبوں میں اقلیتوں کی پیشرفت کو یقینی بنایا جائے گا۔ کئی اقلیتی طلبہ ایس ایس سی ، انٹر اور ڈگری کے بعد پیشہ ورانہ کورسس میں داخلوں کے طریقہ کار سے ناواقف ہوتے ہیں۔ انہیں ایسے کورسس کی نشاندہی کی جائے گی جو روزگار سے مربوط ہوں۔ انجنیئرنگ کی تکمیل کے بعد بہتر روزگار کے حصول کے سلسلہ میں اکثر نوجوان رہنمائی کی کمی کے سبب غلط پروفیشن کا انتخاب کرلیتے ہیں۔ پروفیسر شکور نے بتایا کہ اعلیٰ تعلیم کیلئے بہتر کورسس کی رہنمائی کے علاوہ ڈگری ہولڈر طلبہ کو ان محکمہ جات اور پیشہ جات کی نشاندہی کی جائے گی جہاں روزگار کے مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسابقتی امتحانات اور سرکاری محکمہ جات میں تقررات کے اہلیتی امتحانات کے سلسلہ میں بھی اقلیتی نوجوانوں کی رہنمائی کی جائے گی۔ پروفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ کیریئر کونسلنگ سنٹر کے قیام کا مقصد نوجوانوں کو بہتر تعلیم اور روشن مستقبل کی رہنمائی کرنا ہے۔ طلبہ کو کس سنٹر کے ذریعہ ٹیکنیکل سپورٹ فراہم کی جائے گی ۔ ماہر پروفیشنلز اور سینئر کونسلرس کی خدمات حاصل کی جارہی ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ سرکاری محکمہ جات کے علاوہ نیم سرکاری اور خانگی شعبہ میں ملازمتوں کے مواقع کے سلسلہ میں بھی یہ سنٹر رہنمائی کرے گا۔ سنٹر کی جانب سے مختلف ٹریننگ پروگرام منعقد کئے جائیں گے اور منی لائبریری قائم کی جائے گی۔ امید کی جارہی ہے کہ یہ سنٹر کیریئر کونسلنگ کے سلسلہ میں اقلیتی طلبہ کیلئے بہتر خدمات فراہم کرے گا۔ طلبہ کی رہنمائی کیلئے ویب سائیٹ بھی تیار کی جارہی ہے۔