حیدرآباد۔/8اگسٹ، ( سیاست نیوز) اقلیتی طلبہ کیلئے حکومت ہند کے پری میٹرک ، پوسٹ میٹرک اور میرٹ کم مینس اسکالر شپس برائے تعلیمی سال 2014-15 کیلئے شیڈول کا اعلان کیا گیا۔ منیجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن پروفیسر ایس اے شکور نے آج پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آن لائن درخواستوں کے ادخال اور دیگر ضروری قواعد کی تفصیلات جاری کیں۔ تعلیمی سال 2014-15 کے اسکالر شپ کیلئے اقلیتی فینانس کارپوریشن کی ویب سائیٹ سے درخواست ڈاؤن لوڈ کی جاسکتی ہیں۔ تمام درخواستیں آن لائن پُر کرنے کے علاوہ اُن کی نقل مع دستاویزات متعلقہ ایکزیکیٹو ڈائرکٹرس اقلیتی فینانس کارپوریشن کے پاس داخل کی جانی چاہیئے۔ پری میٹرک اسکالر شپ کیلئے درخواست پر متعلقہ اسکول کے ہیڈ ماسٹر کی دستخط کے علاوہ امیدوار کی تصویر، بونافائیڈ سرٹیفکیٹ، گذشتہ سال کے نشانات پر مشتمل میمورنڈم آف مارکس، بینک پاس بک کی زیراکس لازمی ہوگی۔ پہلی تا دسویں جماعت کے اسکالر شپ کیلئے نئی درخواستوں اور پھر رینول کی درخواستوں کیلئے ادخال کی آخری تاریخ 10ستمبر مقرر کی گئی ہے جبکہ پوسٹ میٹرک اسکالر شپ کیلئے نئی درخواستوں کے ادخال کی آخری تاریخ 15ستمبر ہوگی جبکہ رینول سے متعلق درخواستیں10اکٹوبر تک داخل کی جاسکتی ہیں۔ میرٹ کم مینس اسکالر شپ کی نئی درخواستیں 30ستمبر اور تجدید سے متعلق درخواستیں 15نومبر تک داخل کی جاسکتی ہیں۔ مرکزی حکومت پری میٹرک میں پہلی تا پانچویں جماعت 1000/-روپئے، چھٹویں تا دسویں جماعت 5000/- روپئے، انٹر تا پوسٹ گریجویٹ 6000/-روپئے اور میرٹ کم مینس میں ڈے اسکالرس کیلئے 25000/- اور ہاسٹل میں مقیم طلبہ کیلئے 30,000/- روپئے بطور اسکالر شپس ادا کئے جائیں گے۔ آئی آئی ٹی، این آئی ٹی اور دیگر آل انڈیا اداروں میں زیر تعلیم طلبہ کیلئے مکمل تعلیمی فیس حکومت ادا کرے گی۔ درخواستوں کے ساتھ انکم سے متعلق سرٹیفکیٹ کی شرط کو مستثنیٰ رکھا گیا ہے بجائے اس کے امیدوار 10روپئے بانڈ پیپر پر سیلف ڈیکلریشن کے ذریعہ آمدنی کا اظہار کریں۔ پری میٹرک اسکالر شپ کیلئے آمدنی کی حد ایک لاکھ روپئے، پوسٹ میٹرک کیلئے 2لاکھ روپئے جبکہ میرٹ کم مینس کیلئے ڈھائی لاکھ روپئے مقرر کی گئی ہے۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ سابق میں اسکالر شپ کی رقم اسکول اور کالجس کو روانہ کی جاتی تھی لیکن اس مرتبہ اسکالر شپ کی رقم راست طور پر امیدوار کے بینک اکاؤنٹ میں جمع کی جائے گی اور اس معاملہ سے اقلیتی فینانس کارپوریشن کا کوئی تعلق نہیں ہوگا۔ قومی اقلیتی فینانس و ڈیولپمنٹ کارپوریشن راست طور پر رقم طلبہ کے اکاؤنٹ میں جمع کردے گا۔ انہوں نے بتایا کہ آندھرا پردیش اور تلنگانہ کیلئے جملہ ایک لاکھ 28ہزار 178 طلبہ کو پری میٹرک اسکالر شپ کی اجرائی کا نشانہ مقرر کیا گیا ہے جبکہ پوسٹ میٹرک اسکالر شپ کے تحت 21ہزار 363 اور میرٹ کم مینس کے تحت 2564 طلبہ کو اسکالر شپ جاری کی جائے گی۔ ان تینوں زمروں میں رینول سے متعلق تمام درخواستوں کی یکسوئی کی جائے گی۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ تعلیمی سال 2013-14 کے تحت تمام زمروں میں جملہ تین لاکھ 55 ہزار 747 امیدواروں کو اسکالر شپ منظور کی گئی تھی جس کی رقم 78کروڑ 90لاکھ روپئے ہوتی ہے۔ ابھی تک 2لاکھ 14ہزار 984 طلبہ میں اسکالر شپ کے تحت 60کروڑ 96لاکھ روپئے جاری کئے گئے مابقی 18کروڑ روپئے کی اجرائی کا عمل جاری ہے اور روزانہ مرحلہ وار انداز میں اسکالر شپ کی رقم جاری کی جارہی ہے۔ انہوں نے دونوں ریاستوں کے مستحق اقلیتی طلبہ سے اپیل کی کہ وہ مرکزی حکومت کی اسکالر شپ سے استفادہ کریں اور تمام ضروری دستاویزات کے ساتھ اپنی درخواستیں داخل کریں۔درخواستوں کے آن لائن ادخال اور ڈاؤن لوڈ کیلئے درج ذیل ویب سائٹس سے استفادہ کیا جاسکتا ہے۔www.apsmfc.com ۔ hptt//epass.cgg.gov.in۔