آج آخری تاریخ ہونے پر درخواست گذاروں میں تشویش ، محکمہ اقلیتی بہبود کی چیف منسٹر سے خواہش
حیدرآباد۔/26مارچ، ( سیاست نیوز) اقلیتی طبقہ کے افراد کو سیلف ایمپلائمنٹ اسکیم کے تحت اقلیتی فینانس کارپوریشن سے سبسیڈی کی اجرائی سے متعلق اسکیم میں درخواست دینے کی مہلت میں توسیع کی جاسکتی ہے۔ اس سلسلہ میں محکمہ اقلیتی بہبود نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے خواہش کی کہ اسکیم کیلئے آن لائن درخواست داخل کرنے کی آخری تاریخ میں 15اپریل تک توسیع دی جائے۔ منیجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن پروفیسر ایس اے شکور نے آج اس سلسلہ میں اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل کو ایک نوٹ حوالے کیا جس میں انہوں نے بتایا کہ سبسیڈی کیلئے درخواستوں کے ادخال کی مہلت کل 27مارچ کو ختم ہورہی ہے۔ چونکہ امیدواروں کو درکار سرٹیفکیٹس کے حصول میں دشواری کا سامنا ہے لہذا آخری تاریخ میں توسیع دی جانی چاہیئے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ کارپوریشن کے پاس اس اسکیم کیلئے بجٹ موجود ہے اور آخری تاریخ میں توسیع اور زائد درخواستوں کی وصولی کی صورت میں بجٹ کی کمی درپیش نہیں ہوگی۔ اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود نے اس سلسلہ میں 15اپریل تک آخری تاریخ میں توسیع کی سفارش کرتے ہوئے چیف منسٹر کو فائیل روانہ کی ہے۔ توقع ہے کہ چیف منسٹر اس سفارش کو منظوری دے دیں گے اور کل 27مارچ کو باقاعدہ احکامات جاری کئے جائیں گے۔ حکومت نے 12 مارچ کو اس اسکیم کے آغاز کا اعلان کیا تھا اور 13مارچ سے درخواستوں کے ادخال کا آغاز ہوا۔ اقلیتی طبقہ سے تعلق رکھنے والے امیدواروں نے تاریخ میں توسیع کیلئے عہدیداروں سے نمائندگی کی۔ حکومت نے 2014-15 میں اس اسکیم کے اہل امیدواروں کی عمر کی حد میں اضافہ کیا ہے۔ سابق میں 21تا40سال عمر کے افراد درخواست دینے کے اہل تھے تاہم حکومت نے اس میں رعایت دیتے ہوئے 21تا 55سال عمر کی حد مقرر کی ہے۔ درخواست گذاروں کیلئے آدھار کارڈ کی پیشکشی لازمی قرار دی گئی ہے۔ اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود نے کہا کہ آخری تاریخ میں توسیع کے فیصلہ سے مستحق افراد کو اسکیم سے استفادہ میں مدد ملے گی۔ انہوں نے سرٹیفکیٹس کی عاجلانہ اجرائی کیلئے متعلقہ حکام سے نمائندگی کا فیصلہ کیا ہے۔ سبسیڈی سے استفادہ کیلئے درخواست دینے کی آخری تاریخ 27 مارچ ہونے کے سبب امیدواروں میں بے چینی دیکھی گئی کیونکہ انہیں ایم آر او دفتر سے سرٹیفکیٹس کے حصول میں تاخیر کا سامنا ہے۔ اقلیتی طبقہ کی اس بے چینی کو محسوس کرتے ہوئے محکمہ اقلیتی بہبود کے عہدیداروں نے تاریخ میں توسیع کی چیف منسٹر سے سفارش کی ہے۔