اقلیتی افراد کی روڈی شیٹ اور دیگر مسائل کا جائزہ، اقلیتی کمیشن کا اجلاس، چیرمین عابد رسول خاں و دیگر کی شرکت
حیدرآباد۔/4اپریل، ( سیاست نیوز) ریاستی اقلیتی کمیشن کا اجلاس آج صدرنشین عابد رسول خاں کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں کمیشن کے ارکان مقبول حسین باشا، ڈاکٹر قرۃ العین حسن، فرسی اٹالیہ، سردار سرجیت سنگھ اورگوتم جین نے شرکت کی۔ اجلاس میں اقلیتی کمیشن کو حالیہ عرصہ میں مختلف شکایات کا جائزہ لیا گیا جس میں ضلع نظام آباد میں پولیس تحویل میں شیخ حیدر نامی شخص کی موت، رنگاریڈی کے پرگی میں سب انسپکٹر پولیس کی مبینہ ہراسانی کے سبب رحیمہ بی نامی خاتون کی خودکشی، اقلیتی طبقہ کے افراد کے خلاف روڈی شیٹ کھول کر نوٹس بورڈ پر ان کے ناموں کو رکھنے کی شکایت، عثمانیہ جنرل ہاسپٹل میں کتوں کی کثرت کے سبب مریضوں کو مشکلات جیسے مسائل شامل ہیں۔ کمیشن نے اقلیتی تعلیمی اداروں کو درپیش مسائل اور ان کے حل، تعلیم کو عصری بنانے کیلئے مرکزی حکومت سے تعاون جیسے مسئلہ پر ایک روزہ سمینار کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سمینار میں قومی اقلیتی کمیشن، مرکزی وزارت اقلیتی اُمور کے عہدیداروں کو مدعو کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ شعبہ تعلیم سے وابستہ ماہرین بھی مدعو رہیں گے۔ سمینار کی تاریخ کا عنقریب اعلان کیا جائے گا۔ کمیشن نے تلنگانہ اور آندھرا پردیش حکومت کی جانب سے اِسکل ڈیولپمنٹ پروگراموں کے تحت اقلیتوں کو دی جارہی ٹریننگ کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اس کام کو مزید فروغ دینے کیلئے سماجی کارکنوں اور رضاکارانہ تنظیموں کے نمائندوں کے ساتھ اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ نظام آباد کے ون ٹاؤن پولیس اسٹیشن میں شیخ حیدر نامی شخص کی پولیس تحویل میں ہلاکت کے سلسلہ میں سپرنٹنڈنٹ پولیس سے ابتدائی رپورٹ حاصل ہوئی ہے۔ کمیشن نے ڈاکٹر قرۃ العین حسن کی قیادت میں چار رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے جو نظام آباد کا دورہ کرتے ہوئے متوفی شخص کے افراد خاندان، پولیس عہدیداروں اور ریونیو عہدیداروں سے ملاقات کرتے ہوئے کمیشن کو رپورٹ پیش کرے گی۔کمیٹی کے ارکان میں سردار سرجیت سنگھ، فرسی اٹالیہ اور گوتم جین شامل ہوں گے۔ کمیٹی کے ساتھ ریٹائرڈ جج ای اسمعیل بھی دورہ میں شامل رہیں گے۔ یہ کمیٹی اندرون ایک ہفتہ کمیشن کو رپورٹ پیش کرے گی۔ اسی دوران کمیشن نے کلکٹر نظام آباد کو سفارش کی ہے کہ متوفی کے پسماندگان کو ایکس گریشیا ادا کیا جائے۔ پرگی پولیس اسٹیشن کے حدود میں سب انسپکٹر کی ہراسانی پر رحیمہ بی نامی خاتون کی مبینہ خودکشی کے سلسلہ میں کمیشن نے ضلع کلکٹر رنگاریڈی کو ایکس گریشیا ادا کرنے کی سفارش کی اور اس سلسلہ میں سپرنٹنڈنٹ پولیس سے رپورٹ طلب کی ہے۔ کمیشن نے اس خاتون کے افراد خاندان کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کی بھی ہدایت دی ہے۔ کمیشن نے سپرنٹنڈنٹ پولیس نظام آباد کو ہدایت دی کہ وہ اقلیتی طبقہ سے تعلق رکھنے والے 5افراد کی روڈی شیٹ سے نام خارج کریں۔ اس سلسلہ میں واقعہ کی مکمل جانچ کے بعد کمیشن نے یہ سفارش کی۔ عثمانیہ ہاسپٹل کے احاطہ میں کتوں کی کثرت کے سلسلہ میں کمیشن نے سپرنٹنڈنٹ عثمانیہ جنرل ہاسپٹل سے رپورٹ طلب کی۔ اقلیتی کمیشن نے عثمانیہ ہاسپٹل اور دیگر دواخانوں کو ایک ٹیم روانہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو تمام سہولتوں کا جائزہ لے گی۔ کمیٹی کی رپورٹ کی بنیاد پر اقلیتی کمیشن حکومت کو سفارشات روانہ کرے گا۔ کمیشن نے تلنگانہ حکومت سے سفارش کی ہے کہ جین کمیونٹی کیلئے کمیٹی ہال کی تعمیر کے سلسلہ میں 2ایکر اراضی مختص کی جائے۔ سردار سرجیت سنگھ کی سفارش پر کمیشن نے حیدرآباد اور رنگاریڈی میں سکھ طبقہ کے قبرستان کیلئے اراضی الاٹمنٹ کی سفارش کی ہے۔