اقلیتی بہبود کے لیے بجٹ اجرائی

حیدرآباد 5 مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے اقلیتی بہبود کیلئے پہلے سہ ماہی بجٹ کی اجرائی کا آغاز کردیا ہے۔منصوبہ جاتی مصارف کے تحت جاریہ سال بجٹ کی پہلی قسط کے طور پر 87 کروڑ 13 لاکھ 7 ہزار روپئے مختلف اداروں اور اسکیمات کیلئے منظور کئے ہیں۔ محکمہ فینانس نے 30 اپریل کو بجٹ کی منظوری دی تھی جبکہ محکمہ اقلیتی بہبود نے آج بجٹ جاری کردیا۔ اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل کے احکامات کے مطابق مالیاتی سال 2015-16 کے پہلے سہ ماہی میں مختلف اسکیمات کیلئے یہ رقم منظور کی گئی ہے ۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود کو منظورہ رقم متعلقہ اداروں میں تقسیم کرنے کا مجاز قرار دیا گیا ہے ۔ اقلیتی اداروں سے خواہش کی گئی ہے کہ وہ اسکیمات پر عمل آوری میں نشانوں کی تکمیل کریں ۔