غلط فہمیوں سے شکایت عام ، ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کا عہدیداروں سے خطاب
حیدرآباد ۔ 23 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے اقلیتی بہبود کے عہدیداروں کو مشورہ دیا کہ وہ باہمی تال میل اور تعاون کے ساتھ کام کریں تاکہ اقلیتی بہبود کی اسکیمات پر موثر عمل آوری کو یقینی بنایا جاسکے۔ انہوں نے آج اقلیتی بہبود کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا اور مختلف اسکیمات پر عمل آوری کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر اعلیٰ عہدیداروں کے درمیان بعض غلط فہمیوں اور ایک دوسرے کے کام میں مداخلت سے متعلق شکایات منظر عام پر آئے۔ دو اعلیٰ عہدیداروں نے ڈپٹی چیف منسٹر سے خواہش کی کہ انہیں اقلیتی بہبود کی ذمہ داری سے سبکدوش کردیا جائے کیونکہ موجودہ صورتحال میں وہ آزادانہ طور پر خدمات انجام دینے کے موقف میں نہیں۔ ڈپٹی چیف منسٹر کی موجودگی میں عہدیداروں نے اپنی شکایات پیش کی اور ذمہ داری کی تکمیل میں حائل رکاوٹوں کا تذکرہ کیا۔
بتایا جاتا ہے کہ ایک مرحلہ پر دو اعلیٰ عہدیدار ایک دوسرے کے خلاف شکایت کرنے لگے۔ ڈپٹی چیف منسٹر کو عہدیداروں کے جذبات پر قابو پانے کیلئے کافی مساعی کرنی پڑی۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ کسی بھی دشواری کی صورت میں راست طور پر ان سے رجوع ہوں، بجائے اس کے کہ اسکیمات پر عمل آوری میں سست رفتاری پیدا کی جائے۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ حکومت اقلیتی بہبود کے بارے میں سنجیدہ ہے اور پہلے سال ہی کئی نئی اسکیمات کا آغاز کیا گیا۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ بعض اسکیمات کا ابھی تک آغاز نہیں کیا جاسکا لہذا عہدیداروں کو چاہئے کہ وہ اقلیتی بہبود اور اقلیتوں کی خدمت کے جذبہ کے تحت کام کریں اور ان کی ترجیح اقلیتوں کی بھلائی ہونی چاہئے ۔ محمد محمود علی نے کہا کہ اسکیمات پر عمل آوری نہ ہونے کی صورت میں نہ صرف عہدیداروں بلکہ حکومت کی نیک نامی متاثر ہوتی ہے۔ طویل اجلاس میں ڈپٹی چیف منسٹر کی مصالحت کے بعد تمام عہدیداروں نے باہمی تال میل کے ساتھ کام کرنے کا تیقن دیا۔ اجلاس میں اوورسیز اسکالرشپ، اقلیتوں کیلئے علحدہ اسٹڈی سرکل ، شادی مبارک اور اسکالرشپ اسکیمات کا جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ جلد از جلد اوورسیز اسکالرشپ کے استفادہ کنندگان کے ناموں کو قطعیت دیں اور انہیں ویب سائیٹ پر پیش کیا جائے۔ انہوں نے شادی مبارک اسکیم کے تحت 20,000 سے زائد شادیوں کے نشانہ کی تکمیل پر عہدیداروں کی ستائش کی اور اس اسکیم کے ایک سال کی تکمیل کے موقع پر 2 ا کتوبر کو بڑی تقریب منعقد کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ حکومت کی جانب سے منظورہ بجٹ کے مکمل خرچ اور زیادہ سے زیادہ اقلیتوں کو فائدہ پہنچانے پر توجہ دیں۔ اجلاس میں سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل ، ڈائرکٹر اقلیتی بہبود جلال الدین اکبر، مینجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن بی شفیع اللہ ، اسپیشل آفیسر حج کمیٹی و ڈائرکٹر اردو اکیڈیمی پروفیسر ایس اے شکور اور دوسروں نے شرکت کی۔
عیدالاضحی کے موقع پر پستہ ہاؤز کی خصوصی پیشکش
حیدرآباد ۔ /23 ستمبر (پریس نوٹ) عیدالاضحی کے موقع پر پستہ ہاؤز کی جانب سے اصلی گھی ، اصلی زعفران اور مغزیات میں ’’ڈبل کا میٹھا‘‘ کی تیاری کا اہتمام کیا گیا ہے ۔ دام صرف 140 روپئے فی کیلو رکھا گیا ہے ۔ پستہ ہاؤز شاہ علی بنڈہ ، کوٹلہ عالیجاہ ، نامپلی ، ٹولی چوکی ، بنڈلہ گوڑہ اور چندرائن گٹہ پر دستیاب رہے گا ۔ بکنگ اور دیگر تفصیلات کیلئے 9396500786 پر ربط کریں ۔