الیکشن کمیشن کی ہدایت ، ویب سائیٹ اور کیلنڈرس سے بھی تصاویر نکالنے کا فیصلہ
حیدرآباد ۔10۔ اکتوبر (سیاست نیوز) الیکشن کمیشن کی ہدایت پر سرکاری دفاتر سے کارگزار چیف منسٹر کے سی آر اور وزراء کی تصاویر کو ہٹادیا گیا ہے۔ حتیٰ کہ محکمہ جات کے ویب سائیٹ سے تصاویر ہٹانے کی ہدایت دی گئی۔ سرکاری محکمہ جات کے کیلنڈرس بھی دفاتر سے نکال دیئے گئے کیونکہ ان پر کے سی آر اور دیگر وزراء کی تصاویر تھیں۔ دیگر محکمہ جات کی طرح محکمہ اقلیتی بہبود کے دفاتر میں بھی الیکشن کمیشن کی ہدایت پر عمل آوری کی گئی ہے۔ سکریٹری اقلیتی بہبود ایم دانا کشور جو حیدرآباد کے ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر بھی ہیں، بتایا جاتا ہے کہ کل رات ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شاہنواز قاسم کو ہدایت دی کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کے پیش نظر دفاتر سے سیاسی قائدین کی تصاویر فوری نکال دی جائے۔ انہوں نے دفتری اوقات کے آغاز سے قبل ہی احکامات پر عمل آوری کی ہدایت دی جس کے مطابق صبح 10 بجے سے قبل اقلیتی بہبود کے حج ہاؤز میں واقع تمام دفاتر سے چیف منسٹر کی تصویر اور کیلنڈر ہٹادیئے گئے ۔ اقلیتی اداروں کی ویب سائیٹ پر کے سی آر اور دیگر قائدین کی تصاویر کو نکال دیا گیا ۔ حج ہاؤز کے اندرونی اور بیرونی حصوں میں سیاسی قائدین کے پوسٹرس اور بیانرس کی صفائی کردی گئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ دانا کشور کے علم میں یہ بات لائی گئی کہ حج ہاؤز کے احاطہ میں مختلف صدور نشین کے بیانرس ابھی بھی موجود ہیں جو انتخابی ضابطہ اخلاق کی صریح خلاف ورزی ہے۔ دانا کشور نے ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شاہنواز قاسم کو فوری کارروائی کی ہدایت دی جس کے بعد تمام اقلیتی اداروں کے عہدیدار حرکت میں آگئے اور صبح کی اولین ساعتوں میں تصاویر ہٹانے کا کام مکمل کرلیا گیا۔ اقلیتی بہبود کے دفاتر میں سیاسی قائدین کے ساتھ چیف منسٹر ، ڈپٹی چیف منسٹر اور وزراء کی تصاویر تھیں، اس کے علاوہ اسکیمات سے متعلق پوسٹرس پر بھی سیاسی قائدین کی تصاویر آویزاں کی گئی تھیں ۔ ضابطہ اخلاق کے نفاذ تک یہ پابندی برقرار رہے گی۔